
پونچھ میں بوڑھا امرناتھ یاترا کے سلسلے میں میٹنگ منعقد
جموں، 11 جولائی (ہ س)۔ وشو ہندو پریشد اور بجرنگ دل کی جانب سے دشنامی اکھاڑہ مندر پونچھ میں آئندہ ماہ شروع ہونے والی ملک گیر شری بوڑھا امرناتھ یاترا کے سلسلے میں ایک اہم اجلاس منعقد کیا گیا۔ اجلاس میں بجرنگ دل، وشو ہندو پریشد، سناتن دھرم سبھا، دشنامی اکھاڑہ مندر کمیٹی اور ضلع پونچھ کی مختلف ہندو و مذہبی تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی۔
اجلاس کی صدارت بجرنگ دل کے قومی کنوینر کشن پرجاپتی، مدھیہ بھارت کے کنوینر جنمنجے اور اندرپرستھ کے کنوینر رگھوبیر سنگھ نے کی۔ اس موقع پر یاترا کی تیاریوں، انتظامات اور یاتریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پونچھ کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں نے یقین دلایا کہ اس سال یاتریوں کو گزشتہ برسوں کے مقابلے میں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
بعد ازاں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کشن پرجاپتی نے بتایا کہ شری بڈھاامرناتھ یاترا کا افتتاح 16 اگست کی شام جموں میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اور وشو ہندو پریشد کے قومی صدر ملند پرانڈے مشترکہ طور پر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کا پہلا قافلہ 17 اگست کی شام پونچھ پہنچے گا، جبکہ 18 اگست کو یہ قافلہ شری بڈھا امرناتھ مندر میں درشن و پوجا کے بعد واپس روانہ ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر