
نئی دہلی، 10 جولائی (ہ س)۔ فیفا عالمی کپ 2026 اب اپنے فیصلہ کن مرحلے میں پہنچ چکا ہے۔ فرانس نے مراکش کو ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بھی بنا لی ہے۔ اسی کے ساتھ ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کو ملنے والے ’گولڈن بوٹ‘ کی دوڑ بھی دلچسپ ہوتی جا رہی ہے۔
فرانس کے اسٹار اسٹرائیکر کلیان ایمباپے 8 گول اور 3 اسسٹ کے ساتھ سرفہرست ہیں۔
ارجینٹینا کے کپتان لیونل میسی بھی 8 گول کر چکے ہیں، لیکن ان کے نام صرف 1 اسسٹ ہونے کی وجہ سے وہ دوسرے نمبر پر ہیں۔ ناروے کے ارلنگ ہالینڈ 7 گول کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
انگلینڈ کے ہیری کین 6 گول اور 1 اسسٹ کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں، جبکہ فرانس کے عثمان ڈیمبیلے 5 گول اور 2 اسسٹ کے ساتھ پانچویں نمبر پر قابض ہیں۔
اس کے علاوہ سینیگل کے اسماعیلہ سار، اسپین کے مائیکل اویارزابال، میکسیکو کے جولین کوئینونس، انگلینڈ کے جوڈ بیلنگہم اور برازیل کے ونیسیئس جونیئر نے 4-4 گول کیے ہیں۔ ان تمام کھلاڑیوں کے نام 1-1 اسسٹ بھی درج ہے، جس سے کوارٹر فائنل کے بعد گولڈن بوٹ کی یہ جنگ مزید دلچسپ ہو گئی ہے۔
فیفا کے قوانین کے مطابق اگر دو یا اس سے زیادہ کھلاڑی برابر تعداد میں گول کرتے ہیں، تو پہلے اسسٹ کی تعداد اور اس کے بعد میدان پر کھیلے گئے کم منٹوں کی بنیاد پر فاتح کا فیصلہ کیا جائے گا۔
کوارٹر فائنل مقابلوں کے ساتھ گولڈن بوٹ کی یہ جنگ اور بھی سنسنی خیز ہو گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن