
نئی دہلی، 10 جولائی (ہ س)۔ میونسپل کمشنر سنجیو کھیروار نے جمعہ کو نجف گڑھ کے علاقے میں واقع گوئلا ڈیری سی بی جی پلانٹ کا ایک جامع جائزہ لیا اور اس کے بعد مغربی زون میں بڑے سالڈ ویسٹ مینجمنٹ (ایس ڈبلیو ایم) سہولیات کا معائنہ کیا تاکہ پروجیکٹوں کے نفاذ اور بنیادی ڈھانچے کی اپ گریڈیشن کا جائزہ لیا جا سکے۔
سی بی جی پلانٹ جانوروں کے گوبر اور میونسپل ٹھوس فضلہ کی پروسیسنگ کے ذریعے بائیو گیس اور نامیاتی کھاد تیار کرنے کے لیے بنایاجا رہا ہے۔ اس پروجیکٹ کو حکومت ہند کی ہاو¿سنگ اور شہری امور کی وزارت کے شہری ترقیاتی فنڈ (یو ڈی ایف) کے تحت لاگو کیا جا رہا ہے۔
پروجیکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لیتے ہوئے میونسپل کمشنر نے عمل آوری کرنے والی ایجنسی کو ہدایت دی کہ وہ تمام زیر التوا سول، مکینیکل اور برقی کاموں کی تکمیل میں تیزی لائے اور مناسب وسائل کی تعیناتی کرے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ منصوبے کی پیش رفت میں رکاوٹ بننے والے تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور منصوبے کی مقررہ مدت میں تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔
سنجیو کھیروار نے سخت ہدایات جاری کیں کہ پراجیکٹ کو 17 ستمبر تک مکمل اور شروع کرنے کے لیے تیار ہونا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ جانوروں کے گوبر کو قریبی نالوں میں نہ چھوڑا جائے اور گوبر کی مناسب جمع، نقل و حمل اور پروسیسنگ کے لیے موثر انتظامات کیے جائیں، ماحولیاتی تحفظ اور صحت عامہ کو یقینی بنایا جائے۔
اس کے بعد میونسپل کمشنر نے ویسٹ زون کی بڑی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ (ایس ڈبلیو ایم) سہولیات کا معائنہ کیا۔
معائنہ پنکھا روڈ پر فکسڈ کمپیکٹر ٹرانسفر اسٹیشن (ایف سی ٹی ایس) سے شروع ہوا، جسے جے ایس انوائرو سولیوشنس پرائیویٹ لمیٹڈ نے تیار کیا ہے اور اس کی تزئین و آرائش کی ہے۔ میونسپل کمشنر نے اپ گریڈ شدہ انفراسٹرکچر، پروجیکٹ کی برانڈنگ اور آپریشنل تیاریوں کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر، سہولت کے جدید گاڑیوں کے بیڑے، بشمول کنٹینر کیریئر، ہک لوڈرز، اسٹریٹ سویپرز، آٹو ٹپرز اور ای رکشوں سے جمع ہونے والے فضلے کو منتقل کرنے کے لیے آر سی گاڑیاں، کو نمائش کے لیے پیش کیا گیا، جو کچرے کو جمع کرنے اور نقل و حمل کی بہتر کارکردگی کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے کیمپس میں گرین ڈویلپمنٹ، لینڈ اسکیپنگ اور پیڑلگانے کی بھی تعریف کی۔
اس کے بعد انہوں نے بی او ٹی فکسڈ کمپیکٹر ٹرانسفر سٹیشن (ایف سی ٹی ایس) کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے اسی طرح کے اپ گریڈ شدہ انفراسٹرکچر، پروجیکٹ کی برانڈنگ اور آپریشنل انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پروجیکٹ کے تحت چلنے والے الیکٹرک گاڑیوں کے بیڑے کو سپورٹ کرنے کے لیے نصب کیے گئے نئے ای وی چارجنگ اسٹیشن کا بھی معائنہ کیا۔ اس کمپلیکس کو لینڈا سکیپنگ اور پیڑ لگانے کے ذریعے بھی خوبصورت بنایا گیا ہے۔
میونسپل کمشنر نے اس کے بعد راجوری گارڈن میں کنسٹرکشن اینڈ ڈیمالیشن (سی اینڈ ڈی) ویسٹ اکٹھا کرنے کی جگہ کا دورہ کیا اور جے ای اسٹور پر نصب پانی کے چھڑکاو اور دیگر ڈسٹ کنٹرول اقدامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے دھول کے اخراج کو کنٹرول کرنے اور ماحولیاتی معیارات کی تعمیل کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اور ان اقدامات پر موثر عمل درآمد، باقاعدہ دیکھ بھال اور مسلسل نگرانی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
گوئلا ڈیری سی بی جی پلانٹ کے معائنہ کے دوران میونسپل کمشنر کے ساتھ نجف گڑھ ایریا کے ڈپٹی کمشنر شاشوت سوربھ، چیف انجینئر پی سی مینا اور ایم سی ڈی کے دیگر سینئر افسران بھی تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی