
دمکا، 10 جولائی (ہ س) دمکا بھاگلپور ریاستی شاہراہ پر رام گڑھ تھانہ علاقہ کے سہجنا گاوں کے قریب جمعرات کی دیر رات ایک خوفناک سڑک حادثہ میں موٹر سائیکل پر سوار دو نوجوان ہلاک ہوگئے۔ واقعے کے بعد مشتعل گاوں والوں نے سڑک بلاک کردی اور پولیس کو لاشیں نکالنے سے روک دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق رات 10 بج کر 45 منٹ پر ایک ٹرک سڑک کے کنارے کھڑا تھا۔ ڈرائیور اور ہیلپر کھانا بنا رہے تھے۔ اسی دوران نونی ہاٹ سے تیز رفتاری سے آنے والی موٹر سائیکل ٹرک کے پیچھے سے ٹکرا گئی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ موٹر سائیکل پر سوار دونوں نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے میں کرن کمار مانجھی (25) ولد گوری شنکر مانجھی ساکن کریلی موڑ کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ سارنگپانی گاوں کے رہنے والے آنجہانی بھیرو لائک کا 25 سالہ بیٹا اجے کمار لائک شدید زخمی ہوگیا۔ اس کے اہل خانہ اسے علاج کے لیے پھولو جھانو میڈیکل کالج اور اسپتال دمکا لے جارہے تھے لیکن راستے میں ہی اس کی موت ہوگئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی رام گڑھ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔ گاوں والوں نے سڑک بلاک کر دی اور حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف معاوضہ اور کارروائی کا مطالبہ کیا۔
رام گڑھ تھانے کے ایس آئی رمیش بھگت نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔ شدید زخمی نوجوان کو علاج کے لیے دمکا بھیجا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ گاو¿ں والوں کا الزام ہے کہ رات کے وقت سہجنا گاو¿ں کے نزدیک بھاری گاڑیاں اکثر سڑک کے کنارے کھڑی رہتی ہیں، جس سے حادثات کا خطرہ ہوتا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی