
ممبئی، 10 جولائی (ہ س)۔ مہاراشٹرکے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اعلان کیا ہے کہ ناسک ضلع میں مہاتما جیوتی راؤ پھولے جن آروگیہ یوجنا کے تحت مبینہ مالی بے ضابطگیوں کی جامع تحقیقات کے لیے ناسک کے ڈویژنل کمشنر پروین گیدام کی سربراہی میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) تشکیل دی جائے گی، جس میں مختلف محکموں کے ماہرین کو شامل کیا جائے گا۔یہ اعلان وزیراعلیٰ کی صدارت میں منعقدہ آیوشمان بھارت پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا اورمہاتما جیوتی راؤ پھولے جن آروگیہ یوجنا کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا گیا۔ اجلاس میں وزیرمالیات چندر شیکھرباون کلے، وزیرصحت پرکاش آبیٹکر، وزیرمملکت برائے صحت میگھنا ساکورے بورڈیکر، رکن اسمبلی ڈاکٹرراہل آہیر، محکمہ صحت کے پرنسپل سیکریٹری ڈاکٹر نپون ونایک، سیکریٹری ای۔ رویندرن، پولیس ڈائریکٹر جنرل سدانند داتے، ناسک کے ڈویژنل کمشنر پروین گیدام، اسٹیٹ ہیلتھ ایشورنس سوسائٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انا صاحب چوہان اور دیگر متعلقہ افسران موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ریاستی ہیلتھ ایشورنس سوسائٹی کی جانب سے 2024 سے 2026 کے دوران کی گئی جانچ میں تقریباً 16 ہزار مشتبہ علاجی دعوے اور سرجریوں کے معاملات سامنے آئے ہیں، جن میں سے 9 ہزار 500 کیس صرف ناسک ضلع سے متعلق ہیں۔ ان بے ضابطگیوں کے پیش نظر ناسک کے پانچ اسپتالوں کی منظوری منسوخ کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے معاملے کی باریک بینی سے تحقیقات کے لیے ایس آئی ٹی تشکیل دی جائے گی۔ اس کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد قصوروار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، خرد برد کی گئی رقم واپس وصول کی جائے گی اور مستقبل میں اس نوعیت کی بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔دیویندر فڑنویس نے کہا کہ غریب اور ضرورت مند شہریوں کو شفاف اور معیاری طبی خدمات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جن آروگیہ منصوبوں میں کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی یا مالی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔ جدید ٹیکنالوجی، ڈیٹا اینالیٹکس، سائبر تفتیش اور سخت آڈٹ کے ذریعے فراڈ پرمؤثرقابوپا کرعوام کا اعتماد مزید مضبوط بنایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ تقریباً 13 لاکھ مشتبہ فراڈ معاملات کی جدید تجزیاتی نظام کے ذریعے جانچ کی جائے گی۔ اس عمل میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیٹا اینالیٹکس کا زیادہ مؤثر استعمال کیا جائے گا، جبکہ سائبر نوعیت کی دھوکہ دہی پر قابو پانے کے لیے مہاراشٹر سائبر پولیس کو بھی فعال طور پر شامل کیا جائے گا۔ صحت کے شعبے میں ڈیجیٹل لین دین سے متعلق بے ضابطگیوں کے خلاف فوری کارروائی کے لیے مربوط نظام تیار کیا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ زیادہ مالیت والے علاجی دعوؤں کا خصوصی آڈٹ کیا جائے گا اورہرکیس کی الگ سے تصدیق ہوگی۔ پہلے سے مشتبہ قرار دیے گئے تمام معاملات کا فارنزک آڈٹ کرایا جائے گا اور ضرورت کے مطابق قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ریاست کے ہر ضلع میں فراڈ کی روک تھام کے لیے خصوصی نظام قائم کیا جائے گا، جسے جدید ڈیش بورڈ سے منسلک کیا جائے گا تاکہ مشتبہ لین دین کی حقیقی وقت میں نگرانی، تجزیہ اور فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ان فیصلوں سے پردھان منتری جن آروگیہ یوجنا اور مہاتما جیوتی راؤ پھلے جن آروگیہ یوجنا میں شفافیت، جوابدہی اورعوامی اعتماد مزید مستحکم ہوگا، جبکہ مستحقین کو ان منصوبوں کے فوائد زیادہ محفوظ، مؤثر اور شفاف انداز میں حاصل ہوں گے۔اس موقع پر رکن اسمبلی ڈاکٹرراہل آہیر نے ناسک ضلع میں مہاتما جیوتی راؤ پھولے جن آروگیہ یوجنا کے تحت سامنے آنے والی مبینہ بے ضابطگیوں کے بارے میں تفصیلی معلومات بھی پیش کیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے