
ریاست میں 15 سے 30 جولائی تک چلے گی ’’نشے سے دوری ہے ضروری 2.0‘‘ مہم
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے ریاست کے عوام سے نشہ سے پاک مدھیہ پردیش مہم کو کامیاب بنانے کی اپیل کی
بھوپال، 10 جولائی (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے ریاست کے عوام سے ’نشہ مکت‘ مدھیہ پردیش‘ مہم میں تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت ہر طرح کے نشے پر سختی سے لگام لگانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے 15 سے 30 جولائی تک مدھیہ پردیش پولیس کی ’’نشے سے دوری ہے ضروری 2.0‘‘ مہم میں سرگرم شرکت کی اپیل کی۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے جمعہ کے روز جاری اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مدھیہ پردیش ہر شعبے میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اس ترقیاتی سفر میں نوجوان طاقت تعمیری کردار ادا کر رہی ہے۔ تمام شہری بھی خود کو ترقیاتی سرگرمیوں سے جوڑ کر اپنا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ نشے کا رجحان معاشرے کے ترقیاتی سفر پر کاری ضرب لگاتا ہے۔ مدھیہ پردیش حکومت وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی قیادت میں نشہ سے پاک مدھیہ پردیش بنانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ نشے کے خلاف لڑائی میں پورا ملک متحد ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ہر طرح کے نشے پر روک لگانے کے لیے ایک جامع مہم شروع کی ہے۔ نشہ، تباہی کی جڑ ہے جو موجودہ اور آنے والی نسلوں کو بھی برباد کر دیتا ہے۔ نشے سے ہر قسم کی تعمیری صلاحیتوں اور آگے بڑھنے کے امکانات کو نقصان پہنچتا ہے، جس سے موجودہ اور مستقبل دونوں خراب ہوتے ہیں۔ نشہ خاندانوں کو برباد کر دیتا ہے۔ ریاستی حکومت نے اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ ریاست کے عوام کے تعاون سے نشے کے خلاف مہم کا آغاز کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے اپنے پیغام میں ریاست کے عوام سے ’نشہ سے پاک مدھیہ پردیش‘ مہم میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے اور مہم کی حمایت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کے ’نشہ مکت بھارت‘ کے عزم اور مرکزی وزیر داخلہ و تعاون امت شاہ کے سال 2029 تک ہندوستان کو مکمل طور پر نشہ سے پاک بنانے کے قومی ہدف کو شرمندۂ تعبیر کرنے کے لیے ریاستی حکومت مکمل طور پر پرعزم ہے۔ اس سمت میں عوامی شراکت کے ساتھ مسلسل کام جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ ریاستی حکومت نے نکسلزم جیسی بڑی لڑائی میں بھی کامیابی حاصل کی ہے۔ ریاستی حکومت عوام کے تعاون سے نشے کے خلاف مہم میں بھی کامیاب ہوگی۔ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے کہا کہ بابا مہاکال ہمارے ساتھ ہیں، ہم نشہ سے پاک مدھیہ پردیش کی تعمیر میں ضرور کامیابی حاصل کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن