
جموں, 10 جولائی (ہ س)شری امرناتھ یاترا پر روانہ مدھیہ پردیش کے یاتریوں کی ایک نجی گاڑی جمعہ کے روز جموں۔سرینگر قومی شاہراہ پر تولدی نالہ کے قریب حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں پانچ یاتری زخمی ہو گئے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد امدادی کارروائی شروع کی گئی اور تمام زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ زخمیوں میں ایک خاتون کی حالت نازک بتائی گئی، جسے بہتر علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا، جبکہ دیگر چار زخمیوں کا علاج جاری ہے۔
حکام نے بتایا کہ حادثے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی، تاہم واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
اس دوران مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ زخمی یاتریوں کو ہر ممکن طبی سہولت اور ضروری امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ انتظامیہ صورتِ حال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور زخمیوں کے علاج میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
آخری اطلاعات موصول ہونے تک حادثے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آ سکی تھیں۔
ہندوستھان سماچار
-------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر