
نئی دہلی، 10 جولائی (ہ س)۔ عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال نے رام مندر میں چڑھاوا چوری کے قصورواروں کو سزا دلوانے کے لیے اتوار کو سندرکانڈ کا پاٹھ کرانے اورملک بھر میں دستخطی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے ۔ کیجریوال نے کہا کہ اتوار کو صبح 10 بجے جے ایم ڈی ٹینٹ، جاپانی پارک، روہنی سیکٹر-10، دہلی میں سندر کانڈ کے پاٹھ کا اہتمام کیا جائے گا۔ اس کے بعد ملک بھر میں دستخطی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سناتن کے مجرموں کو پھانسی ملنی چاہیے۔
کیجریوال نے جمعہ کو پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس میں مرکزی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند دنوں کے واقعات سےظاہر ہوتا ہے کہ مرکزی حکومت رام مندر میں چوری کرنے والوں کو بچانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کے خلاف کارروائی نہیں ہو رہی اور نہ ہی کسی کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ کیجریوال نے کہا کہ اتنے بڑے پیمانے پر چڑھاوے کی چوری ہوئی اور اتنے سارے واقعات سی سی ٹی وی کیمروں میں قید ہوئے، پھر بھی کوئی تحقیقات نہیں ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آٹھ چھوٹے لوگوں کو گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا گیا ہے، جب کہ دیگر تمام بڑے لوگوں کو بچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ایسے میں اب عوام کو آواز اٹھانی ہوگی۔ لہٰذا 12 جولائی بروز اتوار کو صبح 10 بجے عام آدمی پارٹی(آپ) جے ایم ڈی ٹینٹ، جاپانی پارک، سیکٹر 10، روہنی میں سندرکانڈ کاپاٹھ کرے گی۔ انہوں نے تمام بھکتوں اور رام بھکتوں سے شرکت کی اپیل کی۔
کیجریوال نے کہا کہ دستخطی مہم ملک بھر میں چلائی جائے گی۔ یہ صرف عام آدمی پارٹی کی دستخطی مہم نہیں ہے، بلکہ جہاں بھی رام بھکت اور ماننے والے ہیں جو اس پورے واقعہ سے دکھی ہوں گے، وہ سب اس مہم میں حصہ لیں گے۔ اس دستخطی مہم میں ایک عام شہری کا وزیر اعظم مودی کو لکھا گیا خط بھی شامل ہے۔
کیجریوال نے کہاکہ ان خطوط پر دستخط کیے جائیں گے۔ ہم گھر گھر جائیں گے اور دہلی بھر میں ہزاروں ہنومان چالیسہ کا پاٹھ کریں گے۔ لوگ ہنومان چالیسہ پڑھیں گے اور پھر خطوط پر دستخط کریں گے۔ یہ تمام خطوط پھر وزیر اعظم کو بھیجے جائیں گے۔“
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد