
نئی دہلی، 7 جون (ہ س)۔ ہفتہ کی صبح جنوب مغربی ضلع کے وسنت کنج ویسٹ تھانہ علاقے میں رجوکری فلائی اوور پر ایک خوفناک سڑک حادثے میں ایک خاتون کی موت ہو گئی اور تین بچوں سمیت پانچ دیگر زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو صفدر جنگ اسپتال اور ایمس ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولیس نے انووا ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اس حادثے کا ذمہ دار ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلاہے کہ ڈرائیور نشے میں تھا۔
پولیس کے مطابق ہفتہ کی صبح تقریباً 4بج کر25 منٹ پر رجوکری فلائی اوور پر سڑک حادثہ کے حوالے سے پی سی آر کال موصول ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی وسنت کنج جنوبی تھانہ پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ جانچ میں پتہ چلا کہ گروگرام کی طرف جا رہے ایک بجاج میکسیما ٹیمپو کو تیز رفتار ٹویوٹا انووا نے پیچھے سے ٹکر مار دی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ ٹیمپو بے قابو ہوکر سڑک پر الٹ گیا۔
حادثے کے وقت ٹیمپو میں سوار تمام لوگ شمال مشرقی دہلی کے سیلم پور علاقے کے رہنے والے تھے اور گروگرام میں ایک مندر کے درشن کے لیے جا رہے تھے۔ 47 سالہ کرپا دیوی کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ ونش (8 سال)، نکش (14 سال)، ایشان (2 سال)، ساوتری دیوی (60 سال)، نینا (34 سال) اور راہل (37 سال) زخمی ہوئے۔ ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس، سی اے ٹی ایس ایمبولینس، فائر سروس اور دیگر ایجنسیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ متوفی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے محفوظ کر لیا گیا ہے۔
واقعہ کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے کرائم ٹیم اور فارنسک سائنس لیب (ایف ایس ایل) کو بھی جائے وقوعہ پر بلایا گیا۔ ٹیموں نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کئے۔ پولیس کے مطابق مبینہ انووا ڈرائیور حادثے کے وقت جائے وقوعہ پر موجود تھا اور اسے حراست میں لے لیا گیا۔ ڈرائیور کے نشے میں ہونے کا شبہ ہونے پر طبی معائنہ کرایا گیا۔ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ سی سی ٹی وی فوٹیج، عینی شاہدین کے بیانات اور فورنسک رپورٹ کی بنیاد پر معاملہ میں مزید کارروائی کی جائے گی۔ حادثے کے بعد کچھ دیر کے لیے فلائی اوور پر ٹریفک بھی متاثر رہی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی