
جموں, 07 جون (ہ س)۔ضلع ریاسی کے مہور علاقے کے مالیا گاؤں میں ایک شادی کی تقریب کے دوران کچا مویشی شیڈ اچانک منہدم ہونے سے 20 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ شیڈ میں موجود چند مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔ذرائع کے مطابق یہ حادثہ ہفتہ کی رات تقریباً 8:40 بجے محمد اسحاق ولد جلال دین کی رہائش گاہ پر پیش آیا۔ شادی کی تقریب کے باعث بڑی تعداد میں لوگ کچے ڈھانچے پر جمع تھے کہ اچانک شیڈ گر گیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلع انتظامیہ، پولیس، محکمہ مال کے اہلکاروں اور مقامی لوگوں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔ زخمیوں کو نکال کر کمیونٹی ہیلتھ سینٹر مہور منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔حکام کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے اور کسی کے بھی شدید زخمی ہونے یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ تاہم شیڈ میں بند چند مویشی حادثے کی زد میں آکر ہلاک ہو گئے۔
ادھر گلاب گڑھ کے رکن اسمبلی خورشید احمد نے کہا ہے کہ وہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور ضلع انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ امدادی کارروائیاں بروقت مکمل کی گئیں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر