


امیٹھی، 7 جون (ہ س)۔ اتر پردیش کے امیٹھی ضلع کے تحت جگدیش پور کوتوالی علاقے میں تیز رفتار ٹرک اور ڈی سی ایم کے درمیان آمنے سامنے کی زوردار ٹکر ہو گئی۔ اس حادثے میں ڈی سی ایم کا ڈرائیور گاڑی کے اندر ہی پھنس گیا اور اس کی دردناک موت ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچی پولیس ضروری قانونی کارروائی میں مصروف ہے۔
موصولہ معلومات کے مطابق، جگدیش پور کوتوالی علاقے کے تحت رائے بریلی-ایودھیا شاہراہ پر اتوار کی صبح تقریباً 7 بجے تیز رفتار ٹرک اور ڈی سی ایم کے درمیان زوردار ٹکر ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ڈی سی ایم پر دیسی شراب کے کارٹن لدے ہوئے تھے اور وہ ایودھیا کی طرف سے رائے بریلی کی سمت جا رہی تھی، جبکہ ٹرک رائے بریلی کی طرف سے ایودھیا کی سمت جا رہا تھا۔ منگولی تراہے پر ہائی وے کو بائی پاس سے جوڑنے کا کام چل رہا ہے، جس کی وجہ سے نیشنل ہائی ویز اتھارٹی نے ٹریفک کو ایک ہی راستے پر ڈائیورٹ کیا ہوا ہے۔ اسی وجہ سے دونوں گاڑیاں ایک ہی لین میں آ گئیں اور ان کے درمیان آمنے سامنے کی زوردار ٹکر ہو گئی۔ اس ٹکر میں ڈی سی ایم بری طرح تباہ ہو گئی اور اس میں پھنس کر ڈرائیور کی موقع پر ہی دردناک موت ہو گئی۔ مقامی لوگوں نے اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ موقع پر پہنچی پولیس نے سخت مشقت کے بعد ڈی سی ایم ڈرائیور کی لاش کو باہر نکالا۔ پولیس نے فوراً کرین بلوا کر شاہراہ سے حادثہ کا شکار گاڑی کو ہٹوایا اور آمد و رفت کو دوبارہ بحال کر دیا۔
جگدیش پور کوتوالی کے انچارج انسپکٹر دھیریندر کمار یادو نے بتایا کہ اس حادثے میں ڈی سی ایم ڈرائیور کی موقع پر ہی موت ہو گئی ہے۔ ڈی سی ایم ڈرائیور کا نام راہل یادو (26) ولد مکھو یادو ہے، جو خوشامت پور، تھانہ محمد آباد گوہنا، ضلع مئو کا رہنے والا تھا۔ اس کے اہل خانہ کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ متوفی ڈرائیور کی لاش کو قبضے میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی فرار ٹرک ڈرائیور کی تلاش بھی شروع کر دی گئی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن