
سرینگر، 07 جون( ہ س)۔ اقتصادی جرائم ونگ کشمیر نے بانڈی پورہ کے دو رہائشیوں کے خلاف چارج شیٹ داخل کی ہے جنہوں نےمبینہ طور پر جعلی سرٹیفکیٹس اور تاریخ پیدائش میں ہیرا پھیری کرکے سروس میں غیر قانونی توسیع حاصل کرنے اور غیر قانونی مالی فوائد حاصل کرنے کے الزام میں ریاستی خزانے کو نقصان پہنچایا ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ محکمہ کے افسران نے کہا کہ کرائم برانچ جموں و کشمیر کے اقتصادی جرائم ونگ کشمیر نے ایف آئی آر نمبر 05/2026 میں دفعہ 420، 468، اور 471 آر پی سی کے تحت چارج شیٹ داخل کی ہے۔جو کہ غلام محمد بھٹ ولد محمد جواد بھٹ اور اسد اللہ بھٹ ولد حاجی غلام احمد بھٹ، ساکنان رکھ شلوت، سمبل ضلع بانڈی پورہ کے خلاف عدالت میں داخل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تفتیش سے یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان نے اپنی تعلیمی قابلیت چھپائی، خود کو ناخواندہ ظاہر کیا اور جعلی سرٹیفکیٹس کے ذریعے تاریخ پیدائش میں ردوبدل کیا۔اس کی وجہ سے غلط سروس ریکارڈ اور سروس کی مدت میں غیر قانونی توسیع ہوئی۔ انہوں نے ناجائز مالی فوائد حاصل کیے، جس سے ریاستی خزانے کو نقصان پہنچا۔ ترجمان نے عام لوگوں کو یہ بھی مشورہ دیا کہ وہ معاشی دھوکہ دہی کے خلاف چوکس رہیں اور ایسے واقعات کی اطلاع سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، اکنامک آفنسز ونگ کشمیر، کرائم برانچ کو دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی دھوکہ دہی کے متاثرین سرکاری ای میل کے ذریعے بھی شکایات جمع کرا سکتے ہیں۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir