
بھوپال، 7 جون (ہ س)۔
ورلڈ سائیکل ڈے کے موقع پر اتوار کی صبح راجدھانی بھوپال کی سڑکوں پر فٹنس اور صحت کے تئیں بیداری کا ایک انوکھا نظارہ دیکھنے کو ملا۔ ٹی ٹی نگر اسٹیڈیم سے شروع ہونے والی ’سنڈے آن سائیکل‘ مہم میں ہزاروں نوجوانوں، کھلاڑیوں، خواتین اور عام شہریوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔ سائیکلوں کی لمبی قطاروں نے شہر کے باشندوں کو صحت مند طرزِ زندگی اپنانے اور ماحولیات کے تحفظ کا پیغام دیا۔
پروگرام کا آغاز ریاست کے وزیر برائے کھیل اور نوجوان بہبود وشواس سارنگ نے ہری جھنڈی دکھا کر کیا۔ اسپورٹس اتھارٹی آف انڈیا (سائی) اور محکمہ کھیل و نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ اس مہم کو اس بار پہلے سے کہیں زیادہ وسیع شکل دی گئی۔ وزیر وشواس سارنگ خود بھی سائیکل چلاتے ہوئے مہم میں شامل ہوئے۔ انہوں نے ٹی ٹی نگر اسٹیڈیم سے لنک روڈ اور روشن پورہ روڈ ہوتے ہوئے شرکاء کے ساتھ سائیکلنگ کی۔ اس دوران انہوں نے نوجوانوں سے باقاعدہ ورزش اور فٹنس کو اپنے روزمرہ کے معمولات کا حصہ بنانے کی اپیل کی۔
سارنگ نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی ’فٹ انڈیا‘ مہم کا مقصد ملک کو صحت مند اور فعال بنانا ہے۔ ’سندے آن سائیکل‘ جیسی کوششیں لوگوں کو صحت کے تئیں بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ فٹنس کو عوامی تحریک کی شکل دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ صبح کی تازہ ہوا اور جوش و خروش سے بھرپور ماحول کے درمیان شرکاء نے سائیکل چلا کر نہ صرف فٹنس کا پیغام دیا، بلکہ ماحولیات کے تحفظ اور صاف ستھرے ٹرانسپورٹ کو فروغ دینے کا عزم بھی دہرایا۔ مہم میں شامل لوگوں نے اسے صحت کے تئیں بیداری بڑھانے والی مثبت پہل قرار دیتے ہوئے باقاعدگی سے ایسی تقریبات کی حمایت کرنے کی بات کہی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن