
علی گڑھ،07 جون (ہ س)۔
ایرینا اینیمیشن سینٹر پوائنٹ، علی گڑھ کے زیر اہتمام ’’علی گڑھ ایلومنائی میٹ 2026‘‘ کا انعقاد نہایت جوش و خروش اور کامیابی کے ساتھ کیا گیا۔ تقریب میں ادارے کے سابق طلبہ، ماہرینِ تعلیم، صنعتی شعبے سے وابستہ شخصیات اور معزز مہمانوں نے شرکت کی، جبکہ اینیمیشن، ویژول ایفیکٹس، گیمنگ اور کامکس (AVGC) کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے سابق طلبہ کو اعزازات سے نوازا گیا۔ تقریب کا آغاز مہمانوں کے استقبال سے ہوا۔ اس موقع پر ایرینا اینیمیشن کے ڈائریکٹرز لوکیش شرما اور سنجے سینی نے تمام مہمانوں اور سابق طلبہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کا مقصد نوجوانوں کو صرف تکنیکی تعلیم فراہم کرنا نہیں بلکہ انہیں صنعت کی ضروریات کے مطابق تیار کرکے کامیاب پیشہ ور بنانا بھی ہے۔
اس موقع پر شاہجان سیموئل (سینئر وائس پریزیڈنٹ، ایپ ٹیک لمیٹڈ، ممبئی)، سندیپ شرما (نیشنل سیلز ہیڈ، ایپ ٹیک لمیٹڈ، ممبئی)، پشکن (ریجنل اکیڈمکس ہیڈ، دہلی)، پرکرتی (پلیسمنٹ ہیڈ، دہلی) اور امامہ (ریجنل سیلز ہیڈ، دہلی) بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ مقررین نے اے وی جی سی انڈسٹری میں روزگار کے مواقع، جدید ٹیکنالوجی اور نوجوانوں کے روشن مستقبل پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
اپنے خطابات میں مقررین نے وزیر اعظم ہند کے Create in India, Create for the World وژن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کا اے وی جی سی سیکٹر تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور تربیت یافتہ نوجوانوں کے لیے اس میدان میں بے شمار امکانات موجود ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو نئی مہارتیں حاصل کرنے، تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور عالمی سطح پر اپنی شناخت قائم کرنے کی ترغیب دی۔ تقریب میں ملک کے مختلف شہروں اور معروف کمپنیوں میں خدمات انجام دینے والے 50 سے زائد کامیاب سابق طلبہ نے شرکت کی۔ اس دوران سابق طلبہ نے اپنے تجربات حاضرین کے ساتھ شیئر کیے اور بتایا کہ ایرینا اینیمیشن سے حاصل کردہ تربیت نے ان کے پیشہ ورانہ سفر میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی کامیابی کی داستانوں نے موجودہ طلبہ کو بھی بے حد متاثر اور حوصلہ افزا پیغام دیا۔
تقریب کا سب سے اہم حصہ کامیاب سابق طلبہ کی اعزاز افزائی رہا، جہاں ادارے کی جانب سے انہیں مومنٹو اور اسنادِ اعزاز پیش کر کے ان کی خدمات اور کامیابیوں کو سراہا گیا۔ اس موقع پر موجود طلبہ نے بھی سینئر ایلومنائی سے ملاقات کر کے کیریئر سے متعلق قیمتی رہنمائی حاصل کی۔ یہ تقریب بروبیکس کیفے، ٹی آر کالج کے سامنے، علی گڑھ میں منعقد ہوئی جہاں پورے پروگرام کے دوران خوشگوار، دوستانہ اور خاندانی ماحول دیکھنے کو ملا۔ آخر میں منتظمین نے تمام مہمانوں، سابق طلبہ اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے پروگرام منعقد کیے جاتے رہیں گے تاکہ طلبہ اور انڈسٹری کے درمیان مضبوط روابط قائم ہوں اور نوجوانوں کو ترقی کے مزید مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ