جموں و کشمیر کی ہر پنچایت محلے میں منشیات مخالف مہم کو وسعت دی جائے گی۔ایل جی
جموں, 07 جون (ہ س)جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کے روز پونچھ میں ’ڈرگ فری جموں و کشمیر‘ مہم اور پدیاترا میں شرکت کرتے ہوئے منشیات اور نارکو دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کو مزید تیز کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 43 دنوں کے
Lg


جموں, 07 جون (ہ س)جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کے روز پونچھ میں ’ڈرگ فری جموں و کشمیر‘ مہم اور پدیاترا میں شرکت کرتے ہوئے منشیات اور نارکو دہشت گردی کے خلاف جدوجہد کو مزید تیز کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 43 دنوں کے دوران جموں و کشمیر کے ہر ضلع، پنچایت اور محلے میں منشیات فروشوں کے خلاف بیداری اور کارروائیوں کو وسعت دی جائے گی۔

اپنے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ گزشتہ 57 دنوں میں وہ جموں و کشمیر کے تمام 20 اضلاع کا دورہ کر چکے ہیں اور عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے منشیات کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد جموں و کشمیر کی سرزمین کو منشیات کی لعنت سے مکمل طور پر پاک کرنا ہے۔

منوج سنہا نے کہا کہ سرحدی ضلع پونچھ میں سرحد پار سے منشیات کی اسمگلنگ ایک سنگین چیلنج ہے، جو نوجوان نسل کو تباہ کرنے کے ساتھ دہشت گردی کی مالی معاونت کا ذریعہ بھی بن رہی ہے۔ انہوں نے اس خطرے سے نمٹنے کے لیے پورے معاشرے کو متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 57 روزہ مہم کے دوران 1,038 مقدمات درج کرکے 1,130 منشیات اسمگلروں کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 63 افراد کو پی آئی ٹی،این ڈی پی ایس قانون کے تحت حراست میں لیا گیا۔ اس کے علاوہ 100 سے زائد جائیدادیں ضبط کی گئیں، سات سو ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کیے گئے اور 130 پاسپورٹس کی منسوخی کا عمل شروع کیا گیا۔

لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ نئی معیاری عملیاتی ہدایات کے تحت منشیات کے دھندے میں ملوث افراد کے خلاف مزید سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس، اسلحہ لائسنس اور دیگر سرکاری دستاویزات کی منسوخی کے ساتھ ساتھ جائیدادوں کی ضبطی بھی شامل ہوگی۔

انہوں نے نوجوانوں اور خواتین کو اس مہم کا اہم ستون قرار دیتے ہوئے کہا کہ یوتھ کلبز اور خواتین کی فعال شمولیت کے ذریعے ہر گاؤں اور ہر محلے کو منشیات سے پاک بنایا جائے گا۔

منوج سنہا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس وقت تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے جب تک نارکو دہشت گردی کے تمام نیٹ ورکس کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande