
منشیات مخالف کارروائیوں کے لیے پولیس افسران کی علاقائی ورکشاپ، منشیات کے خلاف مہم کو مزید مؤثر بنانے پر زورامراوتی، 6 جون (ہ س)۔ منشیات اورنشہ آوراشیا سے متعلق مقدمات کی تفتیش، قانونی کارروائی اور مؤثر نفاذ کے بارے میں پولیس افسران کو جامع رہنمائی فراہم کرنے کے مقصد سے امراوتی ریجنل رینج کی جانب سے مقامی ودیا بھارتی کالج میں ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ صبح 10:30 بجے شروع ہونے والی یہ ورکشاپ شام 5:30 بجے تک جاری رہی، جس میں مجموعی طور پر 115 پولیس افسران نے شرکت کی۔اس ورکشاپ میں امراوتی ریجن کے تحت آنے والے اضلاع اکولہ، ایوت محل، واشم، بلڈھانہ اور امراوتی دیہی پولیس شعبے کے افسران اور پولیس انسپکٹروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ منشیات کے خلاف جاری مہم کو مزید مؤثر بنانے کے مقصد سے منعقدہ اس پروگرام میں مختلف اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ورکشاپ کے دوران اینٹی نارکوٹکس سیل کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گجانن وکھے، منشیات مخالف خصوصی ٹاسک فورس کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر مچالے، ریٹائرڈ پولیس افسر سدانند مانکر اور بالاپور پولیس اسٹیشن کے افسر جھونڈاپے نے شرکاء کی رہنمائی کی۔ مقررین نے این ڈی پی ایس قانون کے تحت کارروائی کرتے وقت ضروری احتیاطی تدابیر، جرائم کی تفتیشی کارروائی، شواہد جمع کرنے کے طریقۂ کار، پنچنامہ کی تیاری، ملزمان کے خلاف مضبوط مقدمات قائم کرنے کے تقاضوں اور عدالتی کارروائی سے متعلق اہم نکات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔اس موقع پر اس بات پر خصوصی زور دیا گیا کہ منشیات سے متعلق مقدمات میں تفتیش کی سمت کس طرح متعین کی جائے، ملزمان کو عدالت میں پیش کرتے وقت کن قانونی تقاضوں کی تکمیل ضروری ہے اور چارج شیٹ کو مضبوط بنانے کے لیے تفتیشی افسران کو کن امور کا خاص خیال رکھنا چاہیے۔ تجربہ کار افسران نے حقیقی مقدمات کی مثالوں کے ذریعے شرکاء کو عملی رہنمائی بھی فراہم کی۔ ورکشاپ کے دوران افسران نے مختلف سوالات اور شبہات کے جوابات حاصل کیے اور تفتیشی عمل سے متعلق اپنے تجربات کا تبادلہ بھی کیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ منشیات کے خلاف جنگ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اس نوعیت کی تربیتی اور رہنمائی ورکشاپس کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دن بھر جاری رہنے والی اس ورکشاپ کے اختتام پر متعدد افسران نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس تربیتی پروگرام سے ان کے علم اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے اور منشیات مخالف کارروائیوں کو زیادہ مؤثر انداز میں انجام دینے کے لیے ان کا حوصلہ مزید بلند ہوا ہے۔ مقررین نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ ایسے اقدامات سے پولیس فورس کی کارکردگی میں بہتری آئے گی اور معاشرے میں منشیات سے پاک ماحول کے قیام کا مثبت پیغام پہنچے گا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے