
بہرائچ، 30 جون (ہ س)۔ اتر پردیش کے ضلع بہرائچ میں نشہ آور ادویات کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف پولیس اور محکمہ ادویات کی مشترکہ ٹیم نے روپئی ڈیہہ قصبے کے ایک میڈیکل اسٹور پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں ممنوعہ ادویات برآمد کی ہیں۔ کارروائی کے دوران 2,349 بوتل کوڈین والی کھانسی کی دوا (کف سیرپ)، 12,145 ٹراماڈول کیپسول سمیت آٹھ اقسام کی کنٹرول شدہ اور نشہ آور ادویات ضبط کی گئی ہیں۔ برآمد شدہ کف سیرپ کا مجموعی وزن 2 کوئنٹل 34 کلو 900 گرام ہے۔ موقع سے اسٹور کے مالک آدتیہ کمار مشرا کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ وشواجیت شری واستو کی ہدایت پر جرائم اور منشیات کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف چلائی جا رہی مہم کے تحت یہ کارروائی ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس دیہی درگا پرساد تیواری، سرکل افسر نانپارہ پَہُپ سنگھ، ڈرگ انسپکٹر ونئے کرشن اور تھانہ روپئی ڈیہہ کے انچارج انسپکٹر رمیش راوت کی قیادت میں کی گئی۔
پیر کی شام محکمہ ادویات اور روپئی ڈیہہ تھانے کی مشترکہ ٹیم اسٹیشن روڈ واقع آدرش آیورویدک میڈیکل اسٹور پہنچی۔ جانچ کے دوران اسٹور میں بغیر کسی معتبر لائسنس کے آٹھ بوریوں میں ممنوعہ کوڈین والی کف سیرپ اور دیگر پابندی والی ادویات رکھی ہوئی پائی گئیں۔ ٹیم نے پورا اسٹاک ضبط کر لیا اور ملزم کو موقع پر ہی گرفتار کر لیا۔
پوچھ گچھ کے دوران ادویات کے حوالے سے کوئی قانونی دستاویز یا لائسنس پیش نہیں کیا جا سکا۔ اس کے بعد تھانہ روپئی ڈیہہ میں ملزم کے خلاف این ڈی پی ایس ایکٹ، بی این ایس اور ادویات و کاسمیٹکس ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے عدالت میں پیش کیا گیا۔
ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس دیہی ڈی پی تیواری نے بتایا کہ آدرش آیورویدک میڈیکل اسٹور سے نشہ آور ادویات کی بڑی کھیپ برآمد کی گئی ہے، جس میں تقریباً 2,349 کوڈین والی کف سیرپ اور 12,145 ٹراماڈول کیپسول سمیت آٹھ کنٹرول شدہ ادویات شامل ہیں۔ اسٹور مالک کو گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی کاروبار میں ملوث کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا۔ میڈیکل اسٹورز کی باقاعدہ جانچ جاری رہے گی اور نوجوانوں کو نشے کی طرف دھکیلنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد