
جموں، 30 جون(ہ س)۔
جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ضلع رام بن کے پیڑہ علاقے میں پیر کی دیر رات ایک ٹرک اور ٹریکٹر کے درمیان ہونے والے تصادم میں دو افراد ہلاک جبکہ کئی دیگر زخمی ہو گئے۔پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ رات تقریباً گیارہ بجے نیو کھجوریا ڈھابہ، پیڑہ کے قریب اس وقت پیش آیا جب جموں سے سرینگر جا رہا ٹرک سامنے چل رہے ٹریکٹر سے ٹکرا گیا۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ ایک نامعلوم شخص موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
تمام زخمیوں اور جاں بحق شخص کو فوری طور پر ضلع اسپتال رام بن منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے زخمی سباش ولد نورنگ لال سکنہ راجستھان کو بھی مردہ قرار دے دیا۔ اس طرح حادثے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو ہو گئی۔ایس ایچ او چندرکوٹ جتیندر سنگھ رکھوال کے مطابق اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پرپہنچ گئیں اورزخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ بعد ازاں حادثہ زدہ گاڑیوں کو شاہراہ سے ہٹا کر ٹریفک کی آمدورفت بحال کر دی گئی۔پولیس نے بتایا کہ دوسرے جاں بحق شخص کی شناخت ابھی نہیں ہو سکی ہے۔ واقعے کے سلسلے میں تھانہ چندرکوٹ میں مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر