
حیدرآباد ، 30 جون (ہ س)۔
تلنگانہ ریاستی کابینہ کا اجلاس 2 جولائی کو طلب کیاگیا ہے جس میں کئی اہم امورپر فیصلوں کاامکان ہے ۔ وزیراعلی ریونت ریڈی نے مرکزی حکومت سے پروجیکٹس کی منظوری اوردیگرامور کاجائزہ لینے کیلئے 2 جولائی کے اجلاس کے ایجنڈہ کوطئے کرنے کی چیف سکریٹری کوہدایت دی ہے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق اجلاس کے ایجنڈہ میں طلبہ کی فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم ، موسیٰ ندی ترقیاتی پروجیکٹس کے پہلے مرحلہ کی تفصیلی رپورٹ اورمرکزی حکومت کی دیہی ضمانت روزگارسے متعلق نئی اسکیم پرعمل آوری جیسے امورشامل ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم میں تبدیلی کا فیصلہ کیاہے اورنئی اسکیم کے تحت فیس کی رقم کالجس کے بجائے طلبہ کے بینک اکاؤنٹ میں جمع کی جائے گی۔ حکومت نے نئی اسکیم کے بارے میں6جون کوجی اونمبر9 جاری کیا جسے تعلیمی اداروں کی جانب سے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے جی او پر عبوری حکم التواء جاری کیا۔ تعلیمی سال 2026-27 سے ڈائرکٹ بینیفٹ ٹرانسفر سسٹم کے تحت اسکیم پر عمل آوری کا منصوبہ ہے۔ طلبہ کو 2 یا 3 اقساط میں فیس جاری کی جائے گی۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق