
سرینگر، 30 جون (ہ س) سالانہ شری امرناتھ یاترا کے دوران تصدیق شدہ معلومات کی ترسیل کو یقینی بنانے کے ایک اقدام میں، جموں و کشمیر حکومت نے منگل کو کشمیر اور جموں ڈویژنوں کے صرف ڈویژنل کمشنروں اور انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) کو میڈیا کے ساتھ بات چیت کرنے اور سرکاری بریفنگ کے انعقاد کا اختیار دیا۔ یہ اجازت محکمہ سیاحت، سول سیکرٹریٹ کی جانب سے سالانہ یاترا کے آغاز سے قبل ایک سرکلر کے ذریعے جاری کی گئی ہے۔ حکم نامے کے تحت، ڈویژنل کمشنر، کشمیر، آئی جی پی کشمیر کے ساتھ، کشمیر ڈویژن سے متعلق میڈیا کی بات چیت کے لیے نامزد عہدیداروں کے طور پر کام کریں گے، جب کہ ڈویژنل کمشنر، جموں، اور آئی جی پی جموں کو جموں ڈویژن سے متعلق معاملات پر میڈیا کو بریفنگ دینے کا اختیار دیا گیا ہے۔حکومت نے کہا کہ یہ فیصلہ سرکاری مواصلات کو ہموار کرنے اور شری امرناتھ جی یاترا 2026 سے متعلق معلومات کی بروقت ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔سرکلر میں مجاز افسران کو مزید ہدایت دی گئی ہے کہ وہ محکمہ اطلاعات، جموں و کشمیر اور شری امرناتھ جی شرائن بورڈ کے ساتھ قریبی رابطہ قائم کریں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ یاترا سے متعلق تمام معلومات بروقت، درست اور مربوط انداز میں پھیلائی جائیں۔ محکمہ سیاحت کے فائنانشل کمشنر (ایڈیشنل چیف سکریٹری) ڈاکٹر آشیش چندر ورما کی طرف سے جاری کردہ یہ حکم فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے۔ سالانہ شری امرناتھ جی یاترا آنے والے دنوں میں شروع ہونے والی ہے، جموں و کشمیر انتظامیہ کی طرف سے عقیدت مندوں کے لیے محفوظ، ہموار اور پریشانی سے پاک یاترا کو یقینی بنانے کے لیے وسیع حفاظتی انتظامات پہلے ہی کۓ گئے ہیں۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Aftab Ahmad Mir