
علی گڑھ، 30 جون(ہ س)۔
پروفیسر ایس ایم جاوید اختر کو یکم جولائی 2026 سے تین سال کی مدت کے لیے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے شعبہ معاشیات کا صدر مقرر کیا گیا ہے۔ پروفیسر اختر ممتاز ماہر معاشیات ہیں اور تدریس و تحقیق کے میدان میں 32 برس سے زائد کا تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ یونیورسٹی کے گولڈ میڈلسٹ ہیں اور انہوں نے بی اے (آنرز) اور ایم اے (معاشیات) دونوں امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ ان کے اختصاص کے شعبوں میں میکرو اکنامکس، پبلک اکنامکس،فائنانشیئل اکنامکس اور ہندوستانی معیشت شامل ہیں۔
پروفیسر اختر نے یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) اور امپریس۔آئی سی ایس ایس آر کے مالی تعاون سے اہم تحقیقی پروجیکٹ مکمل کیے ہیں۔ ان کی نگرانی میں 23 طلبہ نے ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔ وہ 14 کتابوں کے مصنف ؍ مدیر ہیں، جبکہ ان کے 115 سے زائد تحقیقی مقالے اور کتابی ابواب شائع ہو چکے ہیں۔
انہوں نے یونیورسٹی کی انتظامی خدمات میں بھی نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ وہ 2015 سے 2021 تک اے ایم یو کے فنانس آفیسر رہے۔ اس کے علاوہ آر ایم ہال کے پرووسٹ، کوچنگ اینڈ گائیڈنس سینٹر کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر، اور سر سید ہال (جنوبی) کے وارڈن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ اس وقت وہ شعبہ معاشیات میں پی ایچ ڈی اور ایف وائی یو پی کے داخلہ پروگراموں کے رابطہ کار ہیں۔
پروفیسر اختر کو متعدد علمی اعزازات ملے ہیں اور پیشہ ورانہ ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں، جن میں جموں و کشمیر کے گورنر کی جانب سے کلسٹر یونیورسٹی، سرینگر میں تقرریوں کے لیے انتخابی کمیٹیوں کے رکن کے طور پر نامزدگی شامل ہے۔ وہ انڈین اکنامک ایسوسی ایشن سمیت متعدد پیشہ ورانہ انجمنوں کے تاحیات رکن ہیں اور قومی سطح پر مختلف ادارتی اور اکیڈمک کمیٹیوں میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ