
جموں،30 جون(ہ س)۔
جموں و کشمیراینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) نے منگل کے روز جموں ضلع میں ایک پٹواری اور اس کے معاون کو مبینہ طور پر 70 ہزار روپے رشوت طلب کرنے اور وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتارکرلیا۔
اے سی بی کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ششی کمار، پٹواری حلقہ گول، اور اس کے معاون ہرکیرت سنگھ کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں پر الزام ہے کہ انہوں نے ایک شکایت کنندہ سے دو فردات (ریونیو ریکارڈ کی نقول) جاری کرنے کے عوض 70 ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کیا تھا۔ شکایت کنندہ نے رشوت دینے سے انکار کرتے ہوئے اینٹی کرپشن بیورو سے رجوع کیا، جس پر ادارے نے خفیہ جانچ کی۔ ابتدائی تحقیقات میں الزامات درست پائے جانے کے بعد پولیس اسٹیشن اے سی بی سینٹرل جموں میں ایف آئی آر نمبر 08/2026 درج کی گئی۔
تحقیقات کے دوران اے سی بی نے ایک خصوصی ٹریپ ٹیم تشکیل دی، جس نے دونوں ملزمان کو شکایت کنندہ سے 70 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران رشوت کی رقم بھی آزاد گواہوں کی موجودگی میں ملزمان کے قبضے سے برآمد کر لی گئی۔ اے سی بی نے مزید بتایا کہ تفتیش کے سلسلے میں دونوں ملزمان کی رہائش گاہوں پر ایگزیکٹو مجسٹریٹوں کی موجودگی میں تلاشی بھی لی گئی ہے۔اینٹی کرپشن بیورو کے مطابق اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر