
مدھیہ پردیش میں مانسون کا قہر، آسمانی بجلی گرنے سے 3 افراد کی موت، بیتول میں ایک ہی خاندان کے چار لوگ جھلسے
بھوپال، 30 جون (ہ س)۔
مدھیہ پردیش میں مانسون کے پوری طرح سرگرم ہوتے ہی پوری ریاست میں آندھی اور تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ جس کے باعث بجلی گرنے سے تین لوگوں کی موت ہو گئی، جبکہ ایک ہی خاندان کے چار لوگ شدید طور پر جھلس گئے۔ وہیں، پیر کی رات تیز بہاو میں بائک سمیت بہہ جانے والے دو گاوں والوں کی لاشیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
معلومات کے مطابق، منگل کو ریاست کے مختلف حصوں میں آسمانی بجلی قہر بن کر ٹوٹی۔ ہردا ضلع میں کھیت پر کام کر رہے 32 سالہ کسان پردیپ راٹھور کی بجلی کی زد میں آنے سے موقع پر ہی موت ہو گئی۔ وہیں، کھرگون ضلع سے بھی ایسی ہی افسوس ناک خبر آئی، جہاں بجلی گرنے کے باعث 30 سالہ رادھے شیام اور 30 سالہ خاتونِ خانہ کینو نے اپنی جان گنوا دی۔ اس کے علاوہ بیتول ضلع کے چونا گوسائی گاوں میں ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے ٹلا، جہاں بجلی گرنے سے سکھدیو یادو، ان کی بیوی گیتا بائی، بیٹی سندھیا اور بیٹا نیتک شدید طور پر جھلس گئے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
بھاری بارش کی وجہ سے بیتول کے چچولی علاقے میں چمپا ندی اس وقت پورے طغیانی پر ہے۔ یہاں پیر کی رات طغیانی زدہ رپٹے (پلیا) کو پار کرنے کی کوشش میں سپلائی کے رہائشی راجیش بہارے اور ددو دھروے اپنی موٹر سائیکل سمیت پانی کے تیز بہاو میں بہہ گئے۔ بدھ کی صبح رپٹے سے تقریباً ایک کلومیٹر دور جھاڑیوں میں دونوں کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ ادھر، دیواس ضلع میں بھی تیز بارش کے دوران ایک خوفناک منظر دیکھنے کو ملا، جہاں دو لڑکیاں اسکوٹی سمیت اچانک بے قابو ہو کر نالے میں گر گئیں، تاہم وہاں موجود مقامی لوگوں نے مستعدی دکھاتے ہوئے دونوں لڑکیوں کو محفوظ باہر نکال لیا۔
موسلا دھار بارش نے ریاست کے نکاسیٔ آب (ڈریینج) کے نظام کی پول کھول کر رکھ دی ہے۔ سیہور کے اچھاور، ڈنڈوری نگر پالیکا کے وارڈ-8 اور میہر ضلع کے امرپاٹن میں گھٹنوں تک پانی بھر جانے سے عام زندگی پوری طرح درہم برہم ہو گئی۔ کئی علاقوں میں لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں پانی گھس گیا، جس سے بھاری نقصان کی اطلاع ہے۔ سیہور کے اچھاور میں انتظامیہ کی لاپرواہی کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کانگریس کونسلر جنید خان پانی کے بیچ ٹیوب پر بیٹھ کر انوکھے مظاہرے پر اتر آئے۔ اس کے علاوہ، ستنا اور میہر کی اہم سڑکوں پر بھی بھاری جل بھراو کی وجہ سے ٹریفک متاثر ہوا۔
موسماتی مرکز بھوپال کے مطابق، بدھ کو مانسون کی سرگرمیاں مزید تیز ہونے والی ہیں۔ محکمۂ موسمیات نے بیتول، چھندواڑا، پانڈھرنا، سیونی اور بالاگھاٹ اضلاع کے لیے بھاری بارش کا الرٹ جاری کیا ہے، جہاں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران 4 انچ تک موسلا دھار بارش ہونے کا خدشہ ہے۔ اس کے ساتھ ہی بھوپال، اندور، جبل پور اور ریوا ڈویژن سمیت ریاست کے کل 50 اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ تیز بوچھاڑیں پڑنے اور تقریباً 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے طوفانی ہوائیں چلنے کی وارننگ دی گئی ہے۔ گوالیار-چنبل ڈویژن اور مالوا کے کچھ حصوں میں فی الحال ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن