الیکشن کمیشن کواردو میں اینومریشن فارم فراہم کرنے پرغور کرنے کی ہدایت
حیدرآباد ، 30 جون (ہ س)۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے اسپیشل اِنٹینسیوریویژن (ایس آئی آر) 2026 کے تحت ووٹر فہرستوں کی نظرِثانی کے لیے تقسیم کیے جانے والے اینومریشن فارمزکے معاملے میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کو ہدایت دی ہے کہ حیدرآباد میں اردوبولنے والے ووٹ
ہائی کورٹ کی الیکشن کمیشن کواردو میں اینومریشن فارم فراہم کرنے پرغور کی ہدایت


حیدرآباد ، 30 جون (ہ س)۔

تلنگانہ ہائی کورٹ نے اسپیشل اِنٹینسیوریویژن (ایس آئی آر) 2026 کے تحت ووٹر فہرستوں کی نظرِثانی کے لیے تقسیم کیے جانے والے اینومریشن فارمزکے معاملے میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کو ہدایت دی ہے کہ حیدرآباد میں اردوبولنے والے ووٹروں کی بڑی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے فارم اردو زبان میں بھی دستیاب کرانے کے امکان پر غور کیا جائے۔ یہ ہدایت جسٹس بولم وجئے سین ریڈی نے سماجی کارکن ایم اے مجیب ایوب کی جانب سے دائررِٹ پٹیشن کی سماعت کے دوران جاری کی۔ درخواست گزارکی جانب سے عدالت کوبتایاگیاکہ اسپیشل اِنٹینسیو ریویژن مہم کے تحت 25 جون سے 24 جولائی تک تقسیم کیے جانے والے اینومریشن فارمزصرف تلگو زبان میں شائع کیے جارہے ہیں، جس کے باعث اردوسمیت دیگرزبانیں بولنے والے ہزاروں ووٹروں کومشکلات کا سامنا ہے۔ درخواست گزارکے وکیل نے مؤقف اختیارکیاکہ حیدرآباد میں تقریباً20 فیصد ووٹراردوبولنے والے ہیں، اس لیے صرف تلگوزبان میں فارم کی فراہمی انتخابی عمل میں مساوی رسائی کے اصول کے منافی ہے۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ ریاست بھرمیں فارم کم ازکم تلگو اور انگریزی زبانوں میں شائع کیے جائیں، جبکہ اردواکثریتی علاقوں میں اردو زبان میں بھی دستیاب کرائے جائیں۔ سماعت کے دوران الیکشن کمیشن آف انڈیا کے وکیل اویناش دیسائی نے عدالت کوبتایاکہ متعدد زبانوں میں فارم شائع کرنے سے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ ان کے مطابق سیاسی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کے بعد فارم تلگو اور انگریزی میں شائع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ اردو بولنے والے ووٹروں کی سہولت کے لیے بوتھ لیول آفیسرز(بی ایل اوز) کے پاس اردو زبان میں نمونہ فارم(ڈمی فارمس) موجود ہوں گے تاکہ وہ فارم بھرنے میں رہنمائی فراہم کر سکیں۔ دلائل سننے کے بعد ہائی کورٹ نے سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ہدایت دی کہ وہ عدالت کو یہ بھی آگاہ کرے کہ مغربی بنگال، راجستھان اور بہار سمیت دیگرریاستوں میں اسپیشل اِنٹینسیوریویژن کے اینومریشن فارم کن زبانوں میں شائع کیے جا رہے ہیں۔عدالت نے اس سلسلے میں تفصیلی رپورٹ بھی طلب کی ہے۔

۔ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق


 rajesh pande