
رائے گڑھ، 30 جون (ہ س)۔ رائے گڑھ ضلع میں کینسر کی بروقت تشخیص اور مریضوں کو وقت پر علاج فراہم کرنے کے مقصد سے ضلع جنرل اسپتال کی جانب سے جولائی میں خصوصی موبائل وین کے ذریعے مفت کینسر جانچ کیمپوں کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ موبائل وین ضلع کے مختلف ذیلی مراکز، بنیادی مراکز صحت اور دیہی اسپتالوں کا دورہ کرکے شہریوں کی مفت جانچ کرے گی۔ محکمہ صحت نے عوام سے اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی اپیل کی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق مہاراشٹر میں منہ کا کینسر، چھاتی کا کینسر اور رحم کے منہ کے کینسر کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ ان بیماریوں کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص ہونے پر کامیاب علاج کے امکانات نمایاں طور پر بڑھ جاتے ہیں، اسی مقصد کے تحت حکومت نے یہ مفت جانچ مہم شروع کی ہے۔موبائل کینسر جانچ وین میں ڈینٹل چیئر، چھاتی اور رحم کے منہ کی جانچ کے لیے جدید طبی آلات، معائنہ بیڈ اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ کیمپ کے دوران ماہر ڈاکٹروں کی جانب سے منہ کے کینسر کی جانچ، ضرورت پڑنے پر اورل بایوپسی، چھاتی کے کینسر کے لیے کلینیکل معائنہ اور مفت میموگرافی ریفرل، جبکہ رحم کے منہ کے کینسر کے لیے پاپ اسمئیر ٹیسٹ کیا جائے گا۔ مشتبہ مریضوں کا اندراج کرکے انہیں مزید علاج اور رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی۔ جولائی کے دوران پنویل، کرجت، کھالاپور، سدھا گڑھ، تلا، مانگاؤں، پولادپور، مہاڈ، روہا، علی باغ، پین اور اورن تعلقوں کے مختلف مراکز صحت میں یہ مفت جانچ مہم چلائی جائے گی۔ضلع سرجن ڈاکٹر نشیکانت پاٹل، ضلع ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر دیانند سوریہ ونشی اور ایڈیشنل ضلع سرجن ڈاکٹر شیتل جوشی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی علامات نہ ہونے کے باوجود باقاعدہ جانچ کرائیں اور اس مفت سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔ محکمہ صحت نے یقین ظاہر کیا ہے کہ بروقت جانچ کے ذریعے کینسر کی جلد تشخیص ممکن ہوگی، جس سے قیمتی جانیں بچانے میں بڑی مدد ملے گی۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے