
فیفا ورلڈ کپ 2026 : برازیل کا آخری 32 میں جاپان سے ہو گا سامنا
نئی دہلی، 26 جون (ہ س)۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 کے آخری 32 کا ایک اور مقابلہ طے ہو گیا ہے۔ پانچ بار کی ورلڈ چیمپئن برازیل کی ٹیم اب ناک آوٹ مرحلے میں جاپان سے ٹکرائے گی۔ یہ مقابلہ 29 جون کو امریکہ کے ہیوسٹن اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جس کا آغاز ہندوستانی وقت کے مطابق رات 10.30 بجے ہو گا۔
جاپان نے گروپ ایف کے اپنے آخری مقابلے میں سویڈن کے خلاف 1-1 سے ڈرا کھیل کر چار پوائنٹس حاصل کیے اور نیدرلینڈز کے بعد دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے آخری 32 میں جگہ بنائی۔ دوسری طرف، برازیل نے گروپ سی میں دو جیت اور ایک ڈرا کے ساتھ ٹاپ پوزیشن حاصل کر کے ناک آوٹ مرحلے میں قدم رکھا۔ برازیل کے گروپ میں دوسرے نمبر پر رہنے والا مراکش اب آخری 32 میں نیدرلینڈز کا سامنا کرے گا۔
برازیل اور جاپان کے درمیان آخری ٹکر اکتوبر 2025 میں ایک بین الاقوامی دوستانہ میچ میں ہوئی تھی، جس میں جاپان نے 2-3 سے جیت درج کر کے تاریخ رقم کی تھی۔ یہ 14 مقابلوں میں برازیل کے خلاف جاپان کی پہلی جیت تھی۔
تاہم ورلڈ کپ کی تاریخ میں دونوں ٹیموں کا اب تک صرف ایک بار سامنا ہوا ہے۔ سال 2006 کے ورلڈ کپ میں برازیل نے جاپان کو 1-4 سے ہرایا تھا۔ اب تقریباً دو دہائیوں بعد دونوں ٹیمیں پھر ورلڈ کپ کے اسٹیج پر آمنے سامنے ہوں گی، جہاں جاپان پچھلی جیت کا اعتماد لے کر اترے گا، جبکہ برازیل اپنے شاندار ریکارڈ کو برقرار رکھنے کی کوشش کرے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن