
نئی دہلی، 25 جون (ہ س)۔ دنیا کی معروف ای کامرس اور آئی ٹی (انفارمیشن ٹیکنالوجی) کمپنی ایمیزون نے ہندوستان میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور کلاوڈ انفراسٹرکچر کو وسعت دینے کے لیے 2030 تک 13 ارب امریکی ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر (سی ای او) اینڈی جیسی نے جمعرات کو یہاں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی اور انہیں ای کامرس کمپنی کے 2030 تک ہندوستان میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور کلاوڈ انفراسٹرکچر کو وسعت دینے کے لیے اضافی 13 ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کے منصوبے کے بارے میں آگاہ کیا۔
اینڈی جیسی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں ہندوستان کے ساتھ کمپنی کی طویل مدتی وابستگی کا اعادہ کیا۔ جیسی نے لکھا، مجھے ہندوستان میں ایمیزون کے مستقبل کے بارے میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات میں بہت اچھا لگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس نئی سرمایہ کاری سے ہندوستان میں ایمیزون کی کل سرمایہ کاری 2026 اور 2030 کے درمیان 48 ارب امریکی ڈالر تک پہنچ جائے گی۔
ایمیزون کے سی ای او نے مزید کہا، ہم ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے ہندوستان میں صارفین، فروخت کنندگان، ڈویلپرز، اسٹارٹ اپس اور کمپنیوں کی خدمت کر رہے ہیں اور یہ صرف شروعات ہے۔ میں نے بتایا کہ ہم اگلے پانچ سالوں میں 48 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہے ہیں، جس میں اے آئی اور کلاوڈ انفراسٹرکچر میں 21 ارب ڈالر سے زیادہ شامل ہیں۔
اینڈی جیسی نے کہا کہ 2030تک، ہم 38 لاکھ ملازمتوں کو سپورٹ کرنے، ای کامرس کی برآمدات کو 80 ارب ڈالر تک بڑھانے اور اے آئیکے فوائد کو 15 کروڑ چھوٹے کاروباروں اور40 لاکھ سرکاری اسکولوں کے طلباءتک پہنچانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا، آگے جو ہونے والا ہے ،میں اس کے بارے میں بہت پرجوش ہوں ۔ ہم جو کچھ بھی بناسکتے ہیںیہ صرف اس کی شروعات ہے ۔
کمپنی نے ایک بیان میں کہا ایمیزون کے سی ای او اینڈی جیسی نے آج نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی۔ جیسی نے ہندوستان کے ساتھ ایمیزون کی طویل مدتی وابستگی کا اعادہ کیا اور 2030 تک ملک میں اے آئی اور کلاوڈ انفراسٹرکچر کو بڑھانے کے لیے 13 ارب ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کرنے کے منصوبوں کا اعلان کیا۔
اس کے ساتھ، اے آئی اور کلاوڈ انفراسٹرکچر کو بڑھانے اور سپورٹ کرنے کے لیے ایمیزون کی کل منصوبہ بند سرمایہ کاری 2026 اور 2030 کے درمیان 21 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔ یہ کمپنی ہندوستان میں اے آئی اور کلاوڈ انفراسٹرکچر میں سب سے بڑے عالمی سرمایہ کاروں میں سے ایک بن جائے گی۔
یہ سرمایہ کاری ممبئی اور حیدرآباد میں اے ڈبلیو ایس (ایمیزون ویب سروسز) ڈیٹا سینٹر کی صلاحیت کو بڑھا دے گی، جس سے اسٹارٹ اپس، انٹرپرائزز اور حکومتی تنظیموں کو خصوصی اے آئی چپس، منظم اے آئی خدمات، محفوظ اور قابل اعتماد کلاو¿ڈ ٹیکنالوجیز اور ڈویلپر ٹولز تک رسائی ملے گی۔ اس سے وہ تیزی سے اختراع کرنے کے قابل ہو جائیں گے، تیزی سے بڑے پیمانے پر اور عالمی سطح پر صارفین کی خدمت کریں گے۔ اس کے ساتھ ہی، 2010 اور 2030 کے درمیان ہندوستان میں ایمیزون کی مجموعی سرمایہ کاری 88 ارب امریکی ڈالر سے تجاوز کر جائے گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی