
نئی دہلی، 25 جون (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی بحر ہند میں واقع خوبصورت جزیرہ نما ملک سیشلز کی آزادی کی گولڈن جوبلی تقریبات میں شرکت کے لیے ہفتہ کو تین روزہ دورے پر سیشلز جائیں گے۔وزارت خارجہ نے آج یہاں بتایا کہ وزیر اعظم 27سے 29 جون تک سیشلز کا سرکاری دورہ کریں گے۔ وہ اتوار کو سیشلز کے قومی دن کی گولڈن جوبلی تقریبات میں بطو ر ’’مہمان خصوصی‘‘ شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم نے آخری بار 2015 میں سیشلز کا دورہ کیا تھا۔ ہندوستانی دفاعی افواج کا ایک دستہ اور ہندوستانی بحریہ کے دو جہاز تقریبات میں شرکت کریں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق، وزیراعظم اپنے دورے کے دوران صدر ہرمینی سے بات چیت کریں گے۔ وہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ وزیر اعظم سیشلز کی قومی اسمبلی سے بھی خطاب کریں گے اور وہاں ہندوستانی برادری سے بات چیت کریں گے۔
وزارت نے کہا،’’یہ دورہ ہندوستان اور سیشلز کے درمیان مضبوط اور پائیدار دوستی کو مزید مضبوط کرے گا اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو بڑھانے کے لئے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کو تقویت دے گا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور سیشلز کے درمیان مشترکہ تاریخی، ثقافتی اور عوام سے عوام کے تعلقات پر مبنی دیرینہ شراکت داری ہے۔ بحر ہند کے خطے میں ایک اہم سمندری پڑوسی کے طور پر، سیشلز ہندوستان کے’’وژن مہاساگر‘‘ (خطے میں سلامتی اور ترقی کے لیے باہمی اور جامع پیش رفت) اور گلوبل ساؤتھ کے لیے اس کی وابستگی میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد