بنگال کے تارہ تلہ گودام حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 11 ہو گئی،مہلوکین کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان
کولکاتا، 25 جون (ہ س)۔ کولکاتا کے تارہ تلہ علاقے میں ایک زیر تعمیر گودام کی چھت گرنے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہو گئی ہے۔ حادثے میں 20 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں اور ان کا سرکاری اسپتالوں میں علاج کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلی شبھیندو ادھیکاری ن
WB-Taratalla-Warehouse-Roof-collapsed-financial-an


کولکاتا، 25 جون (ہ س)۔ کولکاتا کے تارہ تلہ علاقے میں ایک زیر تعمیر گودام کی چھت گرنے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 11 ہو گئی ہے۔ حادثے میں 20 سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے ہیں اور ان کا سرکاری اسپتالوں میں علاج کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلی شبھیندو ادھیکاری نے اسمبلی میں اعلان کیا کہ مہلوکین کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔

حکام کے مطابق 10 افراد جائے وقوعہ پر ہی یا حادثے کے فوراً بعد ہلاک ہو گئے ۔ ایک اور زخمی جمعرات کو علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جس سے مرنے والوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔ مرنے والوں میں شمالی 24 پرگنہ کے کرشن چودھری، نادیہ کے روہت چودھری، مشرقی بردوان کے راہل چودھری، کرشن نگر کے چندرما چودھری، شیام نگر کے پپو رجک، کولکاتا کے خضر پورکے رہائشی اصغرحسین ،باسنگی کے ساحل سردار، بہارکے مونگیر کے رہائشی گھی کمار، میٹیابرج کے حسن امام، آسنسول کے نوین سنگھ اور علاج کے دوران جان گنوانے والے گنیش کالندی شامل ہیں۔

تارہ تلہ میں بیس پل کے قریب ٹرانسپورٹ ڈپو روڈ پر زیر تعمیر گودام کی چھت بدھ کی دوپہر 12 بجے کے قریب گر گئی۔ اس وقت وہاں کئی کارکن کام کر رہے تھے۔ جمعرات کی صبح ملبے سے مزید پانچ افراد کو نکالا گیا، جس کے بعد منہدم ڈھانچے کے نیچے سے نکالے جانے والے افراد کی کل تعداد 30 ہوگئی۔

امدادی کارروائیاں رات بھر اور جمعرات تک جاری رہیں۔ تاہم موسلا دھار بارش نے تقریباً ایک گھنٹے تک امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ ڈالی۔ پولیس، فائر سروسز، نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس اور فوج کے اہلکار جائے وقوعہ پر تعینات تھے۔

وزیر اعلی شبھیندو ادھیکاری نے کہا کہ منہدم گودام کی عمارت کے منصوبے پر وزیر اور سابق میئر فرہاد حکیم کے دستخط ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس حادثے کے ذمہ دار کسی کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔ اب تک پانچ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے مطابق، کولکاتا میونسپل کارپوریشن کے انجینئروں سے موصول ہونے والی ابتدائی معلومات سے گودام کے لیے منظور شدہ عمارت کے منصوبے میں مشتبہ خامیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ اس کے بعد، انہوں نے ترنمول کانگریس حکومت کے دور میں منظور کیے گئے تمام جاری تجارتی پروجیکٹوں کو 31 جولائی تک معطل کرنے اور ان کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

یہ گودام شیاما پرساد مکھرجی پورٹ سے لیز پر لی گئی زمین پر بنایا جا رہا تھا۔ حکام سرکاری طور پر ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی مکمل تعداد کی تصدیق کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، جب کہ تفتیشی ایجنسیاں اس بات کا جائزہ لے رہی ہیں کہ آیا اس حادثے میں حفاظتی خلاف ورزیوں کا کوئی کردار تھا۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande