
غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کیلئے ہائی کورٹ کی دو ہفتوں کی مہلتحیدرآباد، 25 جون (ہ س)۔ تلنگانہ ہائی کورٹ نے حیدرآباد میں فٹ پاتھ پرغیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کے لئے سابقہ احکامات پر عمل آوری نہ کئے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ ہائی کورٹ نے 4 مئی کو جی ایچ ایم سی ، ٹریفک پولیس اور حیڈرا کو ہدایت دی تھی کہ حیدرآباد میں فٹ پاتھس پرناجائز قبضوں کو برخواست کرتے ہوئے پیدل راہگیروں کو سہولت فراہم کی جائے۔ جسٹس این وی شرون کمار نے جی ایچ ایم سی ، حیڈرا اور ٹریفک پولیس کو دو ہفتے کی مہلت دی اور احکامات پر عمل آوری کرتے ہوئے عدالت میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی۔ عدالت نے کہا کہ پیدل راہگیروں کے راستہ کا تحفظ کرتے ہوئے سابقہ احکامات پر عمل کیا جائے ۔ عدالت نے کہا کہ ہائی کورٹ کی عمارت کے باہر سے کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے سارے شہر میں فٹ پاتھس پر غیر مجاز قبضے ختم کئے جائیں۔ ہائی کورٹ میں غیر مجاز قبضوں کے خلاف مفاد عامہ کی درخواست دائر کی گئی جس میں شکایت کی گئی کہ راہگیروں کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ درخواست گزاروں نے کہا کہ 4 مئی کو واضح احکامات کے باوجود حکام نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ہائی کورٹ کی عمارت کے اطراف فٹ پاتھ پر غیر مجاز قبضے ہیں جس کے نتیجہ میں وکلاء اور درخواست گزاروں کو سڑک پر چلنا پڑ رہا ہے۔ جسٹس شراون کمار نے سپریم کورٹ کے کئی فیصلوں کا حوالہ دیا جن میں غیر مجاز تعمیرات میں ملوث افراد کو قانونی طور پر کسی بھی تحفظ سے انکار کیا گیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق