
حج 2027 کے خواہشمند عازمین 20 جولائی تک آن لائن درخواست دیں
علی گڑھ، 25 جون (ہ س)۔ حج کمیٹی آف انڈیا، ممبئی نے حج 2027 کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس کے مطابق حج پر جانے کے خواہشمند افراد 20 جولائی 2026 تک حج کمیٹی آف انڈیا کی ویب سائٹ اور موبائل ایپلیکیشن حج سہولت کے ذریعے آن لائن درخواست دے سکتے ہیں۔ ضلعی اقلیتی بہبود افسر ندھی گوسوامی نے بتایا کہ جولائی 2026 کے آخری ہفتے میں قرعہ اندازی (ڈیجیٹل رینڈم سلیکشن) کے بعد عارضی طور پر منتخب ہونے والے ہر عازم کو 10 اگست 2026 تک ایک لاکھ 52 ہزار 300 روپے بطور پیشگی رقم جمع کرانی ہوگی۔ مقررہ وقت کے اندر درخواست دینا لازمی ہے اور اس میں کسی قسم کی توسیع نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے خواہشمند عازمین سے اپیل کی کہ وہ درخواست دینے سے قبل حج 2027 کی پالیسی اور رہنما اصولوں کا بغور مطالعہ کر لیں اور اپنی اہلیت کو یقینی بنائیں۔ آن لائن درخواست کے لیے مشین ریڈیبل بین الاقوامی پاسپورٹ کے پہلے اور آخری صفحے کی اسکین کاپی، حالیہ پاسپورٹ سائز تصویر، بینک پاس بک یا منسوخ شدہ چیک اور رہائشی ثبوت اپ لوڈ کرنا ضروری ہوگا۔ پاسپورٹ درخواست کی آخری تاریخ تک جاری شدہ اور 31 دسمبر 2027 تک کارآمد ہونا چاہیے۔
ندھی گوسوامی نے مزید کہا کہ حج کے لیے انتخاب ہونے کے بعد اگر کوئی اپنی سیٹ منسوخ کراتا ہے تو حج 2027 کی گائیڈ لائنز کے مطابق جمع شدہ رقم میں کٹوتی کی جائے گی، اس لیے درخواست دینے سے قبل عازمین اپنی تیاری اور حج پر جانے کے پختہ ارادے کو یقینی بنا لیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ