
قومی یکجہتی، ہندو مسلم اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ میں ان کی خدمات ناقابلِ فراموش قرار
نئی دہلی،25جون (ہ س )۔
اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کے قومی صدر ڈاکٹر سید احمد خاں اور سکریٹری ڈاکٹر پروازالعلوم نے فیس گروپ میڈیا کے بانی ڈاکٹر مشتاق احمد انصاری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے سماجی، ملی اور قومی حلقوں کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا ہے۔ اپنے مشترکہ تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مشتاق احمد انصاری نے اپنی پوری زندگی سماج میں محبت، رواداری، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ وہ ان شخصیات میں شامل تھے جنہوں نے دورِ حاضر میں نفرت کے ماحول کے خلاف محبت، اخوت اور باہمی ہم آہنگی کا پیغام عام کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا۔
ڈاکٹر سید احمد خاں نے کہا کہ ڈاکٹر مشتاق احمد انصاری نہ صرف فیس گروپ میڈیا کے بانی تھے بلکہ وہ مسلم-ہندو اتحاد اور قومی یکجہتی کے ایک مخلص داعی بھی تھے۔ انہوں نے دہلی میں ایسے شاندار اور باوقار پروگراموں کا انعقاد کیا جن میں ہندو، مسلم اور دیگر طبقاتِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ ساتھ مختلف شعبہ ہائے زندگی کے ماہرین اور نمایاں شخصیات کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا جاتا تھااور انہیں اعزاز سے نوازتے تھے۔ ان تقریبات کا مقصد معاشرے میں قربت، باہمی احترام اور انسان دوستی کے جذبے کو فروغ دینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر مشتاق احمد انصاری نے اپنے میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے سماج میں بھائی چارے، قومی ہم آہنگی اور مثبت سماجی اقدار کو مضبوط کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کیا، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
تعزیتی بیان میں اردو ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر مشتاق احمد انصاری کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ تنظیم نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ مرحوم کے مشن سے وابستہ افراد ان کے ادھورے خوابوں کو پورا کرنے اور دہلی سمیت ملک بھر میں قومی یکجہتی، ہندو مسلم اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے ان کے مشن کو پوری قوت کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Md Owais Owais