
خلیج کے غیر مقیم ہندوستانیوں میں ایس آئی آر مہم کے بارے میں تشویشحیدرآباد، 25 جون (ہ س)۔ سعودی عرب میں مقیم تیلگو ریاستوں سے تعلق رکھنے والے ہندوستانیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم کے دوران ان کے رائے دہی کے حق کا تحفظ کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ سعودی عرب میں مقیم تیلگو ریاستوں کے ورکرس اور دیگر باشندوں نے ایس آئی آر مہم کے
دوران فہرست رائے دہندگان سے ناموں کےحذف ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ سعودی عرب تیلگو اسوسی ایشن کی جانب سے آندھراپردیش اور تلنگانہ حکومتوں سے نمائندگی کی گئی۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور دیگر خلیجی ممالک میں مقیم ہندوستانی ورکرس ایس آئی آرمہم کی تفصیلات سے لاعلم ہیں۔ آندھراپردیش میں 14 جولائی اور تلنگانہ میں 24 جولائی تک فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کی جائے گی۔ سعودی عرب تلگو اسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری مزمل شیخ نے کہا کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے تقریباً 8 تا 10 لاکھ افراد خلیجی ممالک میں بستے ہیں، ان میں سے زیادہ تر ایس آئی آر مہم کے طریقہ کار سے واقف نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت میں غفلت کے نتیجہ میں غیر مقیم ہندوستانی ووٹ دینے کے حق سے محروم ہوجائیں گے۔ اسوسی ایشن نے تلنگانہ اور آندھراپردیش کی حکومتوں سے اپیل کی ہے کہ غیر مقیم ہندوستانیوں کے حق رائے دہی کا تحفظ کریں۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ تر غیر مقیم ہندوستانی، ورکرس کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں اور وہ الیکشن کمیشن کے آن لائین سسٹم سے واقف نہیں ہیں۔ ان ملازمین کو دو سال میں ایک مرتبہ چھٹی ملتی اور وہ اپنے وطن پہنچ کر ایس آئی آر مہم میں حصہ لینے کے موقف میں نہیں ہیں۔ اسوسی ایشن نے غیر مقیم ہندوستانیوں میں شعور بیداری مہم کے تحت ایس آئی آر کی تفصیلات سے واقف کرایا ہے ۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق