
وزیر اعلی نے عاشورہ کے موقع پر حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا
جموں، 25 جون (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے عاشورہ کے موقع پر حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی عظیم قربانی کو حق، انصاف اور راستبازی کی لازوال مثال قرار دیا ہے۔اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ واقعۂ کربلا جرات، استقامت اور ظلم کے خلاف مزاحمت کی ایک ابدی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ، ان کے اہلِ بیتؑ اور وفادار ساتھیوں نے اپنی عظیم قربانی کے ذریعے ایمان، انصاف، رحم دلی اور انسانی وقار کے اعلیٰ ترین اصولوں کو سربلند کیا۔عمر عبداللہ نے کہا کہ کربلا کا پیغام وقت اور جغرافیائی حدود سے بالاتر ہے اور انسانیت کو ہر دور میں ظلم و ناانصافی کے خلاف ڈٹ جانے، اخلاقی اقدار کو برقرار رکھنے اور حق و صداقت کے اصولوں کی حفاظت کی ترغیب دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی تعلیمات اور قربانی آج بھی پوری دنیا کے لوگوں کے لیے امید اور رہنمائی کا مینار ہیں، جو معاشرے کو ایثار، دیانت داری اور انصاف کے لیے غیر متزلزل عزم کی اہمیت یاد دلاتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے عوام پر زور دیا کہ وہ شہدائے کربلا کی پیش کردہ لازوال اقدار کو اپنی زندگیوں میں اپنائیں اور معاشرے میں امن، بھائی چارے، باہمی احترام اور ہم آہنگی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں کریں۔ عاشورہ کے موقع پر عمر عبداللہ نے عوام کے ساتھ مل کر شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا اور جموں و کشمیر میں پائیدار امن، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے شہدائے کربلا کے درجات کی بلندی اور تمام لوگوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھی دعا کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر