اے ایم یو اولڈ بوائز لاج میں مشترکہ پریس کانفرنس، عاشورہ پر امن، نظم و ضبط اور خون عطیہ کرنے کا پیغام
اے ایم یو اولڈ بوائز لاج میں مشترکہ پریس کانفرنس، عاشورہ پر امن، نظم و ضبط اور خون عطیہ کرنے کا پیغام علی گڑھ، 25 جون (ہ س)۔ یومِ عاشورہ کے پرامن انعقاد، باہمی بھائی چارے اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے مقصد سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اولڈ بوائ
پریس کانفرنس


اے ایم یو اولڈ بوائز لاج میں مشترکہ پریس کانفرنس، عاشورہ پر امن، نظم و ضبط اور خون عطیہ کرنے کا پیغام

علی گڑھ، 25 جون (ہ س)۔ یومِ عاشورہ کے پرامن انعقاد، باہمی بھائی چارے اور نظم و ضبط کو برقرار رکھنے کے مقصد سے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے اولڈ بوائز لاج میں شیعہ سنی علماء اور ذمہ داران کی مشترکہ پریس کانفرنس منعقد ہوئی۔ اس موقع پر حکومت کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائن پر مکمل عمل درآمد کرنے کا عزم ظاہر کیا گیا اور عوام سے اپیل کی گئی کہ وہ ہر قسم کی غیر شرعی اور غیر مناسب سرگرمیوں سے اجتناب کریں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شہر مفتی مولانا خالد حمید نے کہا کہ محرم کے جلوسوں کے دوران تمام افراد امن و امان اور بھائی چارے کو فروغ دیں اور کوئی ایسا عمل انجام نہ دیں جس سے ماحول متاثر ہو۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی نماز کا وقت ہو، وہاں جلوس کو روک کر نماز ادا کی جائے اور تمام لوگ شریعت کے اصولوں اور علماء کی ہدایات پر عمل کریں۔

شیعہ عالمِ دین مولانا صادق عباس نے کہا کہ یومِ عاشورہ کے جلوسوں میں شامل ہونے والے تمام افراد نظم و ضبط کا خصوصی خیال رکھیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی قسم کی بد مزگی یا ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ تمام عزاداران کو انتظامیہ اور علماء کی ہدایات پر مکمل عمل کرنا چاہیے۔

کربلا کے متولی اور اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے صدر سید مختار زیدی نے بتایا کہ حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق اس سال 12 فٹ سے زیادہ اونچائی والے کسی بھی علم اور تعزیے کی اجازت نہیں ہوگی اور پورے شہر میں اس ہدایت پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں تین بڑے شیعہ جلوس برآمد ہوں گے، جن میں ایک سول لائنز، دوسرا سیدواڑہ بابری منڈی اور تیسرا پھول چوراہے سے نکالا جائے گا، جبکہ شہر بھر میں تقریباً 149 منتی تعزیے بھی برآمد ہوں گے۔

سید مختار زیدی نے مزید بتایا کہ اس سال ایک نئی پہل کے تحت جن کلیان سمیتی اور جواہر لال نہرو میڈیکل کالج (جے این ایم سی) بلڈ بینک کے اشتراک سے بلڈ ڈونیشن کیمپ منعقد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ زنجیروں کا ماتم کرنے کے بجائے حضرت امام حسینؓ کی یاد میں خون عطیہ کریں تاکہ ضرورت مند افراد کی جان بچائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ خون کسی ایک مذہب یا طبقے کے لیے مخصوص نہیں ہوگا بلکہ ہر ضرورت مند انسان کے لیے دستیاب رہے گا۔

اے ایم یو کے بیت الصلاۃ سے برآمد ہونے والے جلوس کے ذمہ دار سید نادر عباس نقوی نے جلوس کے روٹ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ جلوس بیت الصلاۃ سے برآمد ہو کر شمشاد مارکیٹ، جیل روڈ، نمائش گراؤنڈ، گولر روڈ، دہلی گیٹ اور شاہ جمال سے ہوتا ہوا کربلا پہنچے گا۔

اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اعظم میر خان نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ محرم الحرام کے موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی، بھائی چارے اور امن و امان کو برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محرم کا پیغام انسانیت، قربانی اور اتحاد کا پیغام ہے، لہٰذا تمام افراد علماء اور انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے جلوسوں کو پرامن طریقے سے منعقد کرانے میں اپنا تعاون دیں۔

معروف سماجی کارکن اور اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے ای سی ممبر تصور جمال نے بھی عوام سے اپیل کی کہ وہ محرم کے موقع پر امن و امان کو برقرار رکھیں اور علماء کرام کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر مکمل عمل کریں تاکہ بھائی چارے اور یکجہتی کی فضا قائم رہے۔

اس موقع پر شہر مفتی مولانا خالد حمید، کربلا کے متولی اور اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے صدر سید مختار زیدی، شیعہ عالمِ دین مولانا صادق عباس، مولانا نوید، اے ایم یو اولڈ بوائز ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اعظم میر خان، مشرف محضر، نصرت شمسی، سید نادر عباس نقوی، مازن زیدی، ڈاکٹر امین پردھان، معروف سماجی کارکن تصور جمال، جن کلیان سمیتی کے مظفر اقبال، عمران خان سمیت شیعہ اور سنی برادری کے متعدد ذمہ داران اور معزز شخصیات موجود تھیں۔

پریس کانفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اے ایم یو میں ہر سال منعقد ہونے والی یہ مشترکہ نشست شیعہ سنی اتحاد، بھائی چارے اور باہمی ہم آہنگی کی ایک روشن مثال ہے، جہاں دونوں مسالک کے علماء مل بیٹھ کر یومِ عاشورہ کے لیے رہنما اصول طے کرتے ہیں اور ان پر عمل درآمد کو یقینی بناتے ہیں۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ


 rajesh pande