ممبئی سمیت مہاراشٹر کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش سے جل بھراؤ، متعدد اضلاع میں ریڈ الرٹ
ممبئی، 24 جون (ہ س)۔ ممبئی سمیت مہاراشٹر کے کئی شہروں میں بدھ کی علی الصبح سے جاری موسلادھار بارش کے سبب متعدد علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے آج ممبئی اور پالگھر اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جس کے تحت تیز ہواؤں کے س
Weather Maha Heavy Rain


ممبئی، 24 جون (ہ س)۔ ممبئی سمیت مہاراشٹر کے کئی شہروں میں بدھ کی علی الصبح سے جاری موسلادھار بارش کے سبب متعدد علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات نے آج ممبئی اور پالگھر اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جاری کیا ہے، جس کے تحت تیز ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ شدید بارش کے باعث سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے دفتری اور روزمرہ سفر کرنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ممبئی کی میئر ریتو تاوڑے نے بتایا کہ شہر میں مجموعی طور پر 208 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ ان میں مغربی مضافاتی علاقوں میں 195 ملی میٹر اور مشرقی مضافاتی علاقوں میں 167 ملی میٹر بارش درج کی گئی۔ بارش کے باعث ممبئی کے کئی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور مختلف مقامات پر پمپوں کی مدد سے پانی نکالنے کا کام جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سائن، کنگ سرکل، دادر، لال باغ، اندھیری سب وے اور سانتا کروز سب وے سمیت کئی علاقے اب بھی زیر آب ہیں، جبکہ سائن کے گاندھی نگر علاقے سے پانی نکال دیا گیا ہے۔ میئر کے مطابق مختصر وقت میں غیر معمولی بارش کے باعث جل بھراؤ کی صورتحال پیدا ہوئی ہے اور مستقبل میں اس مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ شدید بارش کے باعث ممبئی کی لائف لائن سمجھی جانے والی لوکل ٹرین خدمات، واشی ٹرانس ہاربر سروس، میٹرو خدمات، بس سروس اور سڑکوں پر ٹریفک متاثر ہوئی۔ تاہم کافی کوششوں کے بعد ان خدمات کو دوبارہ بحال کر دیا گیا۔محکمہ موسمیات نے ممبئی، رتناگیری اور پالگھر اضلاع کے لیے ریڈ الرٹ جبکہ تھانے، رائے گڑھ اور سندھودرگ اضلاع کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ اسی کے ساتھ سمندر میں 3.41 میٹر بلند مدوجزر اور 80 کلومیٹر فی گھنٹہ سے زائد رفتار کی ہواؤں کے ساتھ شدید بارش کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔ اس انتباہ کے بعد متعلقہ اضلاع کے ضلع کلکٹروں کو انتظامیہ کی جانب سے چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران رام مندر میں 224 ملی میٹر، کُلابا میں 218.5 ملی میٹر، سانتا کروز میں 210.6 ملی میٹر، سائن میں 182.5 ملی میٹر، وکھرولی میں 181.7 ملی میٹر، ودیاوہار میں 180.7 ملی میٹر اور چیمبور میں 180.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔مقامی ذرائع کے مطابق ممبئی اور مغربی مضافاتی علاقوں میں نصف شب سے جاری شدید بارش کے سبب دادر اور کنگ سرکل علاقوں میں پارک کی گئی ایک کار پر درخت گر گیا، جس سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔ ممبئی میونسپل کارپوریشن کی ٹیم نے درخت کو ہٹا دیا۔ اسی طرح وکھرولی علاقے میں شدید بارش کے باعث ایک مکان کی دیوار گر گئی، تاہم اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ وسئی-ویرار میں بھی رات سے مسلسل موسلادھار بارش ہو رہی ہے، جس کے باعث کئی نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔ نالاسوپارا کے سینٹرل پارک، تولنج، اسٹیشن علاقہ، گالا نگر، اچولے روڈ کے علاوہ ویرار اور وسئی کے متعدد نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ بارش کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اگر شدت برقرار رہی تو نشیبی علاقوں میں واقع گھروں میں پانی داخل ہونے کا خدشہ ہے۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande