
بھوپال، 24 جون (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو نے کہا کہ رانی درگاوتی لازوال ہمت، بے مثال شجاعت اور بہادری کا مجسمہ تھیں۔ جبل پور کے ڈومنا ایئرپورٹ کا نام ویرانگنا رانی درگاوتی کے نام پر رکھنے کے لیے مرکزی وزارتِ ہوا بازی کو تجویز بھیجی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ جمعرات کے روز ویرانگنا رانی درگاوتی کے یومِ شہادت پر جبل پور کے نرئی نالہ میں واقع ان کی سمادھی پر منعقدہ پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ناری شکتی (خواتین کی طاقت) کی شجاعت ماں درگاوتی کی شخصیت میں نظر آتی ہے۔ مغلوں کو جنگوں میں دھول چٹانے والی ایسی ویرانگنا رانی درگاوتی کا آج 463 واں یومِ شہادت ہے۔ رانی درگاوتی نے گونڈوانا سلطنت میں 52 قلعوں پر حکومت کی۔ شوہر کی بے وقت موت کے بعد 5 سال کے بیٹے کو تخت پر بٹھایا اور 15 سال تک عوام کی خدمت اور علاقے کے تحفظ کے لیے خود کو وقف کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش کی زمین پر تقریباً 500 سال قبل رانی درگاوتی کی پیدائش ہوئی، لیکن آج پورا ملک اور صوبہ انہیں احترام کے ساتھ یاد کرتا ہے۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ریاستی حکومت کی تشکیل کے بعد کابینہ کی پہلی میٹنگ جبل پور میں رانی درگاوتی کے نام وقف کر کے منعقد کی گئی تھی۔ اس کے بعد دوسری کابینہ میٹنگ رانی درگاوتی کی گونڈوانا سلطنت کے دارالحکومت سنگرام پور میں منعقد کی گئی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رانی درگاوتی کے نام وقف ایک نیا ادارہ جبل پور میں 100 کروڑ روپے کی لاگت سے مدن محل کے پاس تیار ہو رہا ہے، جس کا افتتاح بہت جلد کیا جائے گا۔ اس ادارے سے صوبے کی آنے والی نسل رانی درگاوتی کے شاندار ماضی اور کارناموں سے واقف ہو سکے گی۔
انہوں نے کہا کہ جبل پور میں رانی درگاوتی کے نام پر ایک چڑیا گھر اور وائلڈ لائف ریسکیو سینٹر بن رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی 35 ویں بٹالین منڈلا کا نام رانی درگاوتی کے نام پر رکھا گیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے ہیروز کی بہادری اور امیر ورثے کو صحیح شکل میں پیش کرنے کے لیے ’ورثے سے ترقی‘ مہم شروع کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے پروگرام کے آغاز میں گرام نرئی نالہ میں واقع ویرانگنا مہارانی رانی درگاوتی کی سمادھی پر نذرانہ عقیدت پیش کر کے انہیں نمن کیا۔ انہوں نے شہید ویر نارائن کے مجسمے پر بھی گلباری کی۔ وزیر اعلیٰ نے پروگرام گاہ پر منعقدہ نمائش کا معائنہ بھی کیا۔
پروگرام سے وزیر پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سمپتیا ائیکے، وزیر تعمیرات عامہ راکیش سنگھ اور بی جے پی کے ریاستی صدر ہیمنت کھنڈیلوال نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر راجیہ سبھا ایم پی سمترا والمیکی، رکن پارلیمنٹ آشیش دوبے، میئر جگت بہادر سنگھ، رکن اسمبلی اشوک روہانی، سشیل تیواری ’اندو‘، نیرج سنگھ سمیت سینئر حکام، عقیدت مند اور بڑی تعداد میں شہری موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن