
ممبئی ، 20 جون (ہ س)۔ فلم ساز اور فیشن اسٹائلسٹ ریا کپور کی ٹیم کے تقریباً 1.35 کروڑ روپے مالیت کے ہیرے کے زیورات چوری ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد سہار پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔پولیس کے مطابق ریا کپور کی میک اپ آرٹسٹ ساولین سنگھ اپنی ٹیم کے ساتھ نیویارک میں منعقد ہونے والے ایک فیشن ایونٹ میں شرکت کے لیے سفر کر رہی تھیں۔ ان کے ہینڈ بیگ میں دو جیولری باکس رکھے ہوئے تھے، جن میں قیمتی ہیرے جڑے کانوں کے زیورات (ڈائمنڈ ایئر رنگس) موجود تھے۔ یہ زیورات ممبئی کے مہتا جیولرز اور گوئنکا جیولرز سے کرائے پر حاصل کیے گئے تھے۔ ٹیم جب نیویارک پہنچی اور جیولری باکس کھولے گئے تو دونوں باکس خالی پائے گئے، جس کے بعد زیورات کی چوری کا انکشاف ہوا۔چوری شدہ زیورات میں مہتا جیولرز کے 66 لاکھ روپے مالیت کے ہیرے کے ایئر رنگس اور گوئنکا جیولرز کے 69 لاکھ روپے مالیت کے ہیرے کے ایئر رنگس شامل ہیں۔ اس طرح مجموعی نقصان کا تخمینہ تقریباً 1.35 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ شکایت موصول ہونے کے بعد سہار پولیس نے بھارتیہ نیائے سنہیتا (BNS) کی دفعہ 303(2) کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس معاملے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے اور ہوائی اڈے، پرواز اور دیگر ممکنہ مقامات کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔تحقیقاتی ایجنسیوں کے سامنے اس وقت سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ زیورات کی چوری ممبئی ایئرپورٹ پر ہوئی، دورانِ پرواز ہوئی یا پھر نیویارک پہنچنے کے بعد انجام دی گئی۔ پولیس تمام امکانات کا جائزہ لے رہی ہے اور معاملے کی تفصیلی تفتیش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج، سفری ریکارڈ اور دیگر شواہد کی مدد سے چوری کے مقام اور ذمہ دار افراد کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے