پورشے حادثہ کیس: وشال اگروال کی ضمانت منسوخ کرانے کے لیے23 جون کو عدالت سے رجوع کرے گی پونے پولیس
پونے، 20 جون (ہ س)۔ کلیانی نگر پورشے کار حادثہ کیس کے ملزم اور معروف بلڈر وشال اگروال کی ضمانت منسوخ کرانے کے لیے پونے پولیس 23 جون کو سیشن عدالت میں درخواست دائر کرے گی۔ یہ معلومات پونے کے پولیس کمشنر امیتیش کمار نے دی ہیں۔ پولیس کمشنر کے مطابق س
Crime Maha Porsche Accident Case


پونے، 20 جون (ہ س)۔ کلیانی نگر پورشے کار حادثہ کیس کے ملزم اور معروف بلڈر وشال اگروال کی ضمانت منسوخ کرانے کے لیے پونے پولیس 23 جون کو سیشن عدالت میں درخواست دائر کرے گی۔ یہ معلومات پونے کے پولیس کمشنر امیتیش کمار نے دی ہیں۔ پولیس کمشنر کے مطابق سپریم کورٹ نے وشال اگروال کو بعض سخت شرائط کے ساتھ ضمانت منظور کی تھی، تاہم ضمانت ملنے کے بعد وشال اگروال اور اس کے اہل خانہ کی جانب سے جشن منانے کی مبینہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے اس معاملے کا نوٹس لیا۔

امیتیش کمار نے بتایا کہ اس سلسلے میں متعلقہ دو افراد کے بیانات قلمبند کیے جا چکے ہیں اور ڈیجیٹل شواہد بھی جمع کر لیے گئے ہیں۔ پولیس اب یہ تمام شواہد عدالت کے سامنے پیش کرے گی اور یہ مؤقف اختیار کرے گی کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ضمانت دیتے وقت عائد کی گئی شرائط کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔ اسی بنیاد پر وشال اگروال کی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست سیشن عدالت میں داخل کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پونے کے کلیانی نگر علاقے میں ایک تیز رفتار پورشے کار نے موٹر سائیکل پر سوار ایک نوجوان اور ایک نوجوان خاتون کو ٹکر مار دی تھی، جس کے نتیجے میں دونوں کی موت ہوگئی تھی۔ اس واقعے کے بعد وشال اگروال کے کم عمر بیٹے سمیت اس کے بعض دوستوں کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔ تحقیقات کے دوران یہ انکشاف بھی ہوا تھا کہ ملزمان کے خون کے نمونوں میں ردوبدل کرنے کے لیے سسون اسپتال کے بعض ڈاکٹروں کے ساتھ مبینہ ملی بھگت کی گئی تھی۔ اس انکشاف کے بعد پولیس نے وشال اگروال کو گرفتار کیا تھا۔

بعد ازاں وشال اگروال نے ضمانت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ سپریم کورٹ نے بعض سخت شرائط کے ساتھ اسے ضمانت منظور کر لی تھی۔ اب پونے پولیس کا کہنا ہے کہ ضمانت کے بعد پیش آنے والے واقعات اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر عدالت سے ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست کی جائے گی۔

پورشے حادثہ کیس ریاست مہاراشٹر کے سب سے زیادہ زیرِ بحث مقدمات میں شمار ہوتا ہے اور اس سلسلے میں ہونے والی ہر پیش رفت پر عوام اور میڈیا کی گہری نظر بنی ہوئی ہے۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande