پربھنی میں زیرِ تعمیر ہنومان مندر کی چھت کا حصہ گرنے سے 4 افراد ہلاک، 18 زخمی؛ 6 کی حالت تشویشناک
پربھنی ، 20 جون (ہ س) مہاراشٹر کے ضلع پربھنی کے مانوت تعلقہ کے یشواڑی گاؤں میں ہفتہ کے روز ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں زیرِ تعمیر ہنومان مندر کی چھت کا ایک حصہ اچانک منہدم ہو گیا۔ اس حادثے میں چار افراد کی موت ہو گئی جبکہ کم از کم 18 افراد
Accident Maha Parbhani Temple Collapse


پربھنی ، 20 جون (ہ س) مہاراشٹر کے ضلع پربھنی کے مانوت تعلقہ کے یشواڑی گاؤں میں ہفتہ کے روز ایک افسوسناک حادثہ پیش آیا، جہاں زیرِ تعمیر ہنومان مندر کی چھت کا ایک حصہ اچانک منہدم ہو گیا۔ اس حادثے میں چار افراد کی موت ہو گئی جبکہ کم از کم 18 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے تقریباً چھ افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی رکن اسمبلی راجیش توپی کر فوری طور پر موقع پر پہنچے اور امدادی و بچاؤ کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ حادثے میں اب تک چار افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ 18 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں کا علاج مقامی اسپتالوں میں جاری ہے اور ضلع انتظامیہ، پولیس اور مقامی دیہاتی مشترکہ طور پر راحت و بچاؤ کے کاموں میں مصروف ہیں۔

مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے اس سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پربھنی ضلع کے یشواڑی گاؤں میں زیرِ تعمیر ہنومان مندر کی چھت کا حصہ گرنے سے بعض عقیدت مندوں کی جانیں ضائع ہو گئی ہیں، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زخمیوں کا علاج جاری ہے جبکہ مقامی انتظامیہ کے افسران موقع پر موجود رہ کر امدادی اور بچاؤ کارروائیوں کو تیزی سے انجام دے رہے ہیں۔

مانوت تعلقہ کے تحصیلدار پانڈورنگ موچے واڑ نے بتایا کہ زخمی عقیدت مندوں میں سے تقریباً چھ افراد کی حالت نازک ہے اور انہیں بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے ملبے تلے پھنسے افراد کو باہر نکالا گیا۔ تحصیلدار کے مطابق ہفتہ ہونے کی وجہ سے یشواڑی میں زیرِ تعمیر ہنومان مندر کے اطراف بڑی تعداد میں مقامی افراد جمع تھے۔ اسی دوران اچانک مندر کی زیرِ تعمیر چھت کا ایک حصہ منہدم ہو گیا اور متعدد افراد اس کے ملبے تلے دب گئے۔ حادثے کے بعد علاقے میں افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا، تاہم مقامی افراد، پولیس اور امدادی عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔

ضلع انتظامیہ نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ معلوم کیا جا رہا ہے کہ تعمیراتی کام کے دوران کسی تکنیکی یا حفاظتی کوتاہی کے باعث یہ حادثہ پیش آیا یا نہیں۔ حکام نے یقین دلایا ہے کہ تحقیقات کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ذمہ داروں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے گی۔ پربھنی ضلع کی نگراں وزیر میگھنا بورڈیکر نے بھی حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مالی اور انتظامی مدد فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد مہیا کی جائے۔

حادثے کے بعد پورے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے، جبکہ انتظامیہ کی جانب سے راحت اور بچاؤ کا کام جاری رکھا گیا ہے اور زخمیوں کی صحت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

ہندوستھان سماچار

--------------------

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande