
یوپی اے ٹی ایس نے پاکستانی گینگسٹر سے جڑے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کیا
بلند شہر/لکھنو، 19 جون (ہ س)۔ اترپردیش کی اینٹی ٹیررسٹ اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث دو مشتبہ افراد کو بلند شہر سے گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے سلیپر سیل تیار کرنے، خوف و دہشت کا ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرنے، نیز حساس مقامات کی ریکی جیسی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی) امن و امان امیتابھ یش نے جمعرات کو جاری ایک بیان میں بتایا کہ پاکستانی گینگسٹر شہزاد بھٹی اور عابد جٹ کے دہشت گردانہ نیٹ ورک کے خلاف چلائی جا رہی مہم کے سلسلے میں اتر پردیش اے ٹی ایس نے بلند شہر سے اس نیٹ ورک سے جڑے دو دیگر ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ پکڑے گئے مشتبہ افراد کی شناخت بلند شہر کے گاوں اکبر پور کے رہائشی محمد عمر اور فیضان کے طور پر ہوئی ہے۔
اے ٹی ایس کی ابتدائی جانچ اور ان پٹ کے مطابق، یہ دونوں ملزمان بلند شہر میں شناخت چھپا کر ’’سلیپر سیل‘‘ کے طور پر رہ رہے تھے۔ سب سے حیران کن انکشاف یہ ہوا ہے کہ یہ دونوں براہِ راست پاکستانی دہشت گرد شہزاد بھٹی اور ہینڈلرز عابد جٹ کے رابطے میں تھے۔ ملزمان کو پاکستانی ڈان عابد جٹ کے پوسٹر بلند شہر کے کئی علاقوں میں لگانے اور ان کی ویڈیوز بنا کر بھیجنے کا کام سونپا گیا تھا۔ اس کے عوض انہیں رقم ملنی تھی۔ ان کا مقصد لوگوں میں ڈر اور دہشت کا ماحول پیدا کرنا تھا۔ دونوں کو آرمی کینٹ (فوجی چھاونی) جیسے حساس مقامات کی ریکی کا ٹاسک بھی دیا گیا تھا۔ ملزمان کے پاس سے عابد جٹ کے پوسٹر، پوسٹر لگاتے وقت بنائی گئیں ویڈیوز اور دیگر ڈیجیٹل شواہد ملے ہیں۔
اے ٹی ایس اور سیکورٹی انویسٹی گیشن ایجنسی (حفاظتی جانچ ایجنسی) دونوں ملزمان سے مزید پوچھ گچھ کر رہی ہیں۔ سیکورٹی ایجنسیاں اب یہ پتہ لگانے میں جٹی ہیں کہ ان دونوں مشتبہ افراد کو پاکستان سے کیا ہدایات مل رہی تھیں اور مغربی اتر پردیش میں ان کے نیٹ ورک سے اور کون کون سے لوگ جڑے ہوئے ہیں۔ آنے والے دنوں میں اس معاملے میں کئی اور بڑے انکشافات ہونے کی امید ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن