
پنچ محل، 19 جون (ہ س)۔ گجرات کے مشہور تیرتھ استھل پاوا گڑھ میں جمعہ کی صبح ایک بڑا حادثہ پیش آیا۔ پہاڑی چوٹی کے مقام پٹیا پل کے قریب اچانک چٹانیں گرنے سے کئی یاتری زخمی ہو گئے۔ اب تک دو یاتریوں کی موت ہو چکی ہے، جب کہ ملبے میں پھنسے پانچ دیگر کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ مانسون کی ابتدائی بارش کے دوران پاوا گڑھ پہاڑی پر پانی کا تیز بہاو دیکھا گیا۔ اس دوران بڑے بڑے پتھر اور ملبہ پہاڑی سے نیچے گر ے۔ پٹیا پل کے قریب سے گزرنے والے عقیدت مند اچانک ملبے کی زد میں آ گئے۔ جس سے جائے وقوعہ پر افراتفری اور کہرام مچ گیا۔
مقامی سرپنچ پتی روی گھڑھوی نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پاوا گڑھ روپ وے کی ایمرجنسی ریسکیو ٹیم اور ہالول فائر ڈپارٹمنٹ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے اور راحت اور بچاو کام شروع کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کے لیے جنگی پیمانہ پر آپریشن شروع کیا گیا۔ فائر ڈپارٹمنٹ کی ٹیم نے پانچ افراد کو بحفاظت نکال کر علاج کے لیے ہالول ریفرل اسپتال پہنچایا، اس دوران دو عقیدت مند وں کی موت ہوگئی۔
مقامی گاوں کی سرپنچ کے شوہر روی گڑھوی نے بتایا کہ اطلاع ملنے پر پولیس کی ایک ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور راحت اور بچاو کا کام انجام دیا۔ ملبے میں پھنسے پانچ افراد کو بعد میں بحفاظت نکال لیا گیا۔
قابل ذکر ہے کہ بدلتے موسم اور خطے میں گزشتہ چند دنوں سے وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اس المناک حادثے نے پورے علاقے میں صدمے کی لہر دوڑادی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی