
راجوری کے گمبھیر مغلاں علاقے میں جاری آپریشن شیروالی 28 ویں روز میں داخل
جموں، 19 جون (ہ س)۔ ضلع راجوری کے منجا کوٹ سیکٹر کے گمبھیر مغلاں علاقے کے ڈوریمیال جنگلات میں جاری آپریشن شیروالی جمعہ کو 28ویں روز میں داخل ہو گیا، جس کے ساتھ یہ خطے کی طویل ترین انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں میں شامل ہو گیا ہے۔ حکام کے مطابق سیکورٹی فورسز نے گھنے جنگلات اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں تلاشی اور محاصرہ کی کارروائیوں میں مزید شدت پیدا کر دی ہے۔ کھڑی ڈھلوانوں، پتھریلی چوٹیوں اور گھنی جھاڑیوں کے باوجود فورسز ہائی الرٹ پر رہتے ہوئے مشتبہ نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق اضافی نگرانی، علاقے پر غلبہ قائم رکھنے کی مشقوں اور وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سیکورٹی ایجنسیاں راجوری کے جنگلاتی علاقے میں موجود ممکنہ دہشت گردوں کا سراغ لگانے اور انہیں بے اثر کرنے کے لیے مسلسل کارروائیاں انجام دے رہی ہیں۔ واضح رہے کہ مئی کے آخر میں شروع کیے گئے آپریشن شیروالی کا مقصد ڈوریمیال-گمبھیر مغلاں سیکٹر کے گھنے جنگلات میں چھپے مسلح دراندازوں کا پتہ لگا کر انہیں ختم کرنا ہے۔
واضح ہو کہ 7 جون کو اسی آپریشن کے دوران بھارتی فوج کا ایک جوان دشوار گزار پہاڑی علاقے میں چٹان سے پھسل کر شدید زخمی ہونے کے بعد جان بحق ہو گیا تھا۔ سیکورٹی فورسز نے علاقے میں اپنی مضبوط موجودگی برقرار رکھی ہوئی ہے اور آپریشن کے چوتھے ہفتے میں داخل ہونے کے باوجود جنگلاتی پٹی میں باقی ماندہ دہشت گردوں کی تلاش کا عمل بدستور جاری ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر