
امپھال، 19 جون (ہ س)۔ منی پور میں سیکورٹی فورسز اور پولیس نے الگ الگ کارروائیوں میں ایک مغوی شخص کو عسکریت پسندوں کے قبضہ سے بحفاظت بازیاب کرکے اور مختلف عسکریت پسند تنظیموں سے منسلک نو سرگرم کارکنوں کو گرفتار کرکے اہم کامیابی حاصل کی ہے۔
جمعہ کو جاری کردہ معتبرذرائع کے مطابق، سیکورٹی فورسز نے جمعرات کو نگمسوم بیت (50) کو بحفاظت ٹینگنوپال ضلع کے مورہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں گیٹ نمبر 1 کے علاقے سے بازیاب کیا۔ بی بونگجنگ گاوں کے رہنے والے بیت کو مبینہ طور پر پی ایس ایچ کے مشتبہ عسکریت پسندوں نے اغوا کیا تھا۔ ریسکیو آپریشن کے بعد اسے اہل خانہ کے حوالے کر دیا گیا۔
وہیں، سیکورٹی فورسز نے ضلع کاکچنگ کے مختلف مقامات سے کے سی پی (ایم ایف ایل) کے چار سرگرم کارکنوں کو گرفتار کیا۔ گرفتار افراد کی شناخت موئرنگتھم تونڈومبا سنگھ عرف ٹیمے (44)، واہنگ بام اناو سنگھ عرف جیک (46)، نونگ میتھم ڈیوڈ میتئی (42) اور مائیبام لوکندر سنگھ (38) کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق یہ عسکریت پسند ناجائزوصولی اور غیر قانونی اسلحہ کی سپلائی کے نیٹ ورکس میں ملوث تھے۔
اس دوران ، منی پور پولیس نے کے سی پی (پی ڈبلیو جی) کے چار فعال کیڈروں کو امپھال مشرقی ضلع سے گرفتار کیا۔ ان پر امپھال ایسٹ کے مختلف علاقوں میں دستی بم رکھنے کا الزام ہے، جس میں برہما پور نہابم بامن لیکئی کی رہائش گاہ بھی شامل ہے۔ گرفتار عسکریت پسندوں کی شناخت ہیدروم پالنبا سنگھ عرف نانو (19)، پیبام روشن سنگھ (18)، نامائیراکپم جتسن میتئی (19) اور میموم لمبا میتئی (28) کے طور پر کی گئی ہے۔ ایک الگ کارروائی میں، سیکورٹی فورسز نے ہیمم لانگم میتئی عرف نگمبا (33) کوبشنو پور ضلع کے موئرنگ پولیس اسٹیشن علاقے سے گرفتار کیا، جو کے سی پی (پی ڈبلیو جی) کا ایک سرگرم کیڈر ہے ۔
16 جون کو ایک اور کارروائی میں، آرامبام سنایاما میتئی عرف علی (48)، جو آر پی ایف/پی ایل اے کا ایک سرگرم رکن ہے، کو امپھال مشرقی ضلع کے لام لائی پولیس اسٹیشن کے تحت کانگلا سنگومشانگ اوانگ لیکائی سے گرفتار کیا گیا۔
سیکورٹی ایجنسیوں نے کہا کہ ریاست میں عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں، ناجائزوصولی اور غیر قانونی ہتھیاروں کے نیٹ ورکس کو روکنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی