
2500 کروڑ روپے سے زیادہ کی رہائشی منظوری، 38 ہزار خاندانوں کا گرہ پرویش (نئے گھروں میں داخلہ) اور اندور-اجین گرین فیلڈ پروجیکٹ کا سنگِ بنیاد رکھا جائے گا
بھوپال، 19 جون (ہ س)۔
مرکزی وزیر برائے ہاوسنگ اور شہری امور منوہر لال اور وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو ہفتہ، 20 جون کو مدھیہ پردیش کو ترقی کے دو بڑے تحفے دیں گے۔
رابطہ عامہ افسر ارون شرما نے جمعہ کے روز بتایا کہ ہفتہ کو ضلع اندور کے سانویر میں پردھان منتری آواس یوجنا (شہری) کے تحت 42 ہزار سے زیادہ اہل مستفیدین کو 2 ہزار 500 کروڑ روپے سے زیادہ کی رہائشی منظوری دی جائے گی اور 38 ہزار سے زیادہ خاندانوں کو ان کے نئے پکے مکانات میں داخلہ (گرہ پرویش) کرایا جائے گا۔ ساتھ ہی مرکزی وزیر اور وزیر اعلیٰ 2 ہزار 935 کروڑ روپے کی لاگت والے 48.10 کلومیٹر طویل اہم اندور-اجین گرین فیلڈ فور لین پروجیکٹ کا سنگِ بنیاد بھی رکھیں گے۔
رابطہ عامہ افسر کے مطابق، یہ پروگرام وزیر اعظم نریندر مودی کے سال 2047 تک ترقی یافتہ ہندوستان کے عزم اور تمام اہل خاندانوں کو باوقار رہائش فراہم کرنے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو کی قیادت میں ریاستی حکومت ہر اہل خاندان کو پکا مکان فراہم کرنے کی سمت میں تیزی سے کام کر رہی ہے۔ ساتھ ہی جدید سڑک اور ٹرانسپورٹ کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے ذریعے ریاست کی ہمہ جہت ترقی کو نئی رفتار دے رہی ہے۔
رابطہ عامہ افسر کے مطابق، مدھیہ پردیش روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ذریعہ تیار کیا جانے والا یہ پروجیکٹ مالوا خطے کی کنیکٹیویٹی، اقتصادی سرگرمیوں اور سیاحت کی ترقی کو نئی سمت فراہم کرے گا۔ تقریباً 48.10 کلومیٹر طویل یہ ہائی اسپیڈ گرین فیلڈ کوریڈور اندور اور اجین کے درمیان سفر کو زیادہ تیز، محفوظ اور آسان بنائے گا۔ اس پروجیکٹ کو ہائبرڈ اینوئٹی ماڈل (40.60) پر تیار کیا جا رہا ہے۔ اس کی تکمیل پر اندور، اجین اور قریبی علاقوں میں صنعتی سرمایہ کاری، تجارت، لاجسٹکس، زرعی مارکیٹنگ اور مذہبی سیاحت کو نمایاں فروغ ملے گا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن