
نئی دہلی، 19 جون (ہ س)۔ سکل سیل بیداری کے عالمی دن کے موقع پر مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کے وزیر جگت پرکاش نڈا نے ہم وطنوں سے صحت مند اور زیادہ مساوی ہندوستان کی تعمیر کے اپنے عزم کا اعادہ کرنے کی اپیل کی ہے ۔ آج ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے، انہوں نے سکل سیل بیداری کے عالمی دن کے موقع پر ہم وطنوں کو نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ قومی سکیل سیل انیمیا کے خاتمے کے مشن کے تحت اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک 7.19 کروڑسے زیادہ لوگوں کی اسکریننگ کی جا چکی ہےجبکہ 20.26 لاکھ سے زیادہ کیریئرز کی شناخت کی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ، 2.46 لاکھ افراد میں سکیل سیل کی بیماری کی تشخیصکی گئی ہےاور 4.82 لاکھ سکیل سیل کارڈ تقسیم کیے گئے ہیں۔ یہ کامیابیاں خاص طور پر قبائلی آبادیوں اور دیگر کمزور طبقے میںجلد تشخیص، بروقت علاج، جینیاتی مشاورت اور جامع صحت کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے لیے اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہیں۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومت سکیل سیل بیماری کے بارے میں بیداری پیدا کرنے اور متاثرہ افراد کو صحت کی بہتر خدمات فراہم کرنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے۔ تمام شراکت داروں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ انہوں نے کہا کہ 2047 تک صحت عامہ کے چیلنج کے طور پر سکیل سیل کی بیماری کے خاتمے کے ہدف کو حاصل کرنے کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد