
نئی دہلی، 18 جون (ہ س)۔ مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے 21 جون کو مجوزہ یوجی -نیٹ کے دوبارہ امتحان کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے جمعرات کو ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ امتحانی عمل میں دیانتداری، شفافیت اور کارکردگی کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔
وزارت تعلیم، ریاستی حکومتوں، نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے سینئر افسران اورعہدہ داران نے میٹنگ میں شرکت کی۔ اس موقع پرسنجے کمار، سکریٹری، محکمہ اسکولی تعلیم اور خواندگی، ونیت جوشی، سکریٹری، محکمہ اعلیٰ تعلیم اور ابھیشیک سنگھ، ڈائریکٹر جنرل، این ٹی اے، بھی موجود تھے۔
میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے پردھان نے کہا کہ دوبارہ امتحان کے آزادانہ، منصفانہ اور ہموار انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے تمام متعلقہ اداروں کو چوکس رہنے اور پوری تیاری کے ساتھ کام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم کی طرف سے نامزد کردہ اہلکار دوبارہ امتحان کی سرگرمیوں کو مربوط کرنے کے لیے تمام ریاستوں کا سفر کریں گے اور این ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل کی سربراہی میں کمانڈ سینٹر کو رپورٹ کریں گے۔
وزیر تعلیم نے ریاستی حکومتوں کے نوڈل افسران سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ امتحان کے دوران امیدواروں کو تناو¿ سے پاک ماحول ملے اور انہیں تمام ضروری سہولیات دستیاب ہوں۔
اسکولی تعلیم اور خواندگی کے محکمے کے سکریٹری سنجے کمار نے کہا کہ بیٹھنے کے مناسب انتظامات، پینے کے پانی اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ طلباء آرام سے امتحان دے سکیں۔ انہوں نے ریاستی حکومتوں کے نوڈل افسران پر زور دیا کہ وہ اس سمت میں ضروری اقدامات کریں۔
ہائر ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کے سکریٹری ونیت جوشی نے کہا کہ دوبارہ امتحان تک کا وقت بہت اہم ہے اور اس کے لیے تمام متعلقہ فریقوں کے درمیان فعال تال میل، بروقت ہدایات کو پہنچانے اور مقررہ پروٹوکول پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
این ٹی اے کے ڈائریکٹر جنرل ابھیشیک سنگھ نے کہا کہ ایجنسی تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے جس میں ضلعی سطح کی کوآرڈینیشن کمیٹیوں، ریاستی پولیس کے محکموں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ساتھ مل کر دوبارہ امتحان کو پرامن اور منظم طریقے سے منعقد کیا جا رہا ہے۔
میٹنگ میں امتحان کی تیاریوں، کوآرڈینیشن میکانزم، سیکورٹی پروٹوکول، لاجسٹک انتظامات، شکایات کے ازالے کے طریقہ کار اور امتحانی رہنما خطوط کی تعمیل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی تال میل برقرار رکھنے کا مشورہ دیا گیا۔
ہائبرڈ موڈ کے ذریعے منعقد ہونے والی میٹنگ میں کل 222 شرکاءنے شرکت کی۔ مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے سینئر عہدیداروں، مرکزی مالی اعانت سے چلنے والے اداروں کے نوڈل افسران، یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے ڈائریکٹرز نے دوبارہ امتحان کے آسانی سے انعقاد کے لیے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی