
رتلام، 18 جون (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کے رتلام ضلع میں جمعرات کو لونی-ریچھا اسٹیشن کے پاس اندور سے جودھپور جا رہی رنتھمبھور ایکسپریس کے جنرل کوچ کے پہیوں سے اچانک دھواں نکلنے لگا۔ اسٹیشن پر ٹرین رکتے ہی آگ لگنے کے خدشے سے مسافروں میں افراتفری مچ گئی اور وہ سامان لے کر فٹافٹ کود پڑے۔ ریلوے ملازمین نے فائر ایکسٹینگوشر (آگ بجھانے والے آلے) سے صورتِ حال پر قابو پایا۔
ریلوے حکام کے مطابق، اندور سے جودھپور جا رہی رنتھمبھور ایکسپریس (12465) جمعرات کی صبح تقریباً 9.45 بجے رتلام ضلع کے لونی-ریچھا اسٹیشن کے پاس سے گزر رہی تھی۔ اسی دوران ٹرین کے پچھلے حصے میں لگے ایک جنرل کوچ کے پہیوں کے پاس سے چنگاریاں نکلتی دکھائی دیں۔ صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے لوکو پائلٹ نے فوراً ایمرجنسی بریک لگائے۔ ٹرین رکتے ہی متعلقہ کوچ کے نیچے سے دھواں نکلتا دکھائی دیا۔ اس سے مسافروں میں گھبراہٹ پھیل گئی اور کئی مسافر اپنا سامان لے کر جلدی جلدی کوچ سے باہر نکل آئے۔ مسافر پاس کی ریلوے پٹریوں پر پہنچ گئے، جس سے کچھ دیر کے لیے وہاں افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔
واقعے کی کئی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہیں، جن میں بڑی تعداد میں مسافر ریلوے ٹریک کے بیچ کھڑے دکھائی دے رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ کسی نے ٹرین میں آگ لگنے کا خدشہ ظاہر کیا تھا، جس کے بعد لوگ کوچ چھوڑ کر باہر نکل آئے۔ اس وقت متوازی ٹریک پر ایک دوسری ٹرین بھی کھڑی تھی۔
ریلوے حکام نے بتایا کہ اطلاع ملتے ہی ریلوے کی تکنیکی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور ٹرین کی تفصیلی جانچ کی گئی۔ تقریباً 20 منٹ تک ٹرین روکے رکھنے کے بعد اسے آگے کے لیے روانہ کر دیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ دھواں نکلنے کی وجوہات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر مانا جا رہا ہے کہ ایمرجنسی بریک لگنے کی وجہ سے یہ صورتِ حال بنی ہوگی، لیکن اصل وجہ تفصیلی جانچ کے بعد ہی واضح ہو سکے گی۔
واضح رہے کہ رنتھمبھور ایکسپریس صبح 6 بجے اندور سے روانہ ہوتی ہے اور رات تقریباً 11 بجے جودھپور پہنچتی ہے۔ اس سے پہلے 17 مئی کو بھی رتلام ضلع میں لونی-ریچھا اور وکرم گڑھ اسٹیشن کے درمیان راجدھانی ایکسپریس (12431) کے بی-1 اے سی کوچ میں آگ لگ گئی تھی۔ اس دوران بھی تمام مسافروں کو محفوظ باہر نکال لیا گیا تھا اور متاثرہ کوچ کو ٹرین سے علیحدہ کر دیا گیا تھا۔
اسی طرح کا واقعہ گزشتہ 14 جون کو مرینا ضلع میں ہوا تھا۔ یہاں کھجوراہو-ادے پور انٹر سٹی ایکسپریس میں موبائل پھٹنے سے آگ لگنے کی افواہ کے باعث اسی طرح مسافر پٹریوں پر اتر گئے تھے۔ اس حادثے میں چار مسافروں کی دوسرے ٹریک سے گزر رہی ٹرین کی ٹکر کی زد میں آنے سے موت ہو گئی تھی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن