
امپھال، 18 جون (ہ س)۔ منی پور میں سیکورٹی فورسز نے گزشتہ 24 گھنٹے میں وسیع تلاشی مہم چلا کر بڑی مقدار میں ہتھیار، گولہ بارود اور سیکورٹی آلات برآمد کیے ہیں۔ ساتھ ہی کئی بنکروں اور غیر قانونی چوکیوں کو تباہ کیا گیا نیز دو سرگرم عسکریت پسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس نے آج بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے 17 جون کو کانگ پوک پی ضلع کے لیماکھونگ تھانہ علاقے کے تحت لیلون ویفیئی، لیلون کھونو، ایل- منلوئی اور کونسا کھل گاوں میں سخت تلاشی آپریشن چلایا۔ اس دوران 11 سنگل بیرل 12 بور بندوقیں، 294 زندہ کارتوس، گن پاوڈر کے دو پیکٹ، 34 خالی کارتوس اور چھ بلٹ پروف جیکٹس برآمد کی گئیں۔ مہم کے دوران ان گاوں کے آس پاس موجود 30 بنکروں، چوکیوں اور اسٹریٹجک کیمپوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔ چار افراد کو مزید جانچ اور تصدیق کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔
اسی دن کانگ پوک پی ضلع کے سیکول تھانہ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے چار مروجہ ٹھکانوں/بنکروں کو تباہ کیا۔ ان میں تھنگفائی گاوں اور سی۔ کھولن گاوں میں واقع دو-دو بنکر شامل ہیں۔
چرا چاند پور ضلع میں بھی سیکورٹی فورسز نے 17 جون کو چرا چاند پور تھانہ علاقے کے ایس۔ نابیل گاوں اور لوئی لامکوئی گاوں میں ایک غیر قانونی چیک پوسٹ اور ایک بنکر کو تباہ کر دیا۔
دوسری طرف، 16 جون کو سیکورٹی فورسز نے ممنوعہ تنظیم کے سی پی (ایم ایف ایل) کے سرگرم رکن ہائیکروجام ہٹلر میتی عرف رشی (18) کو گرفتار کیا۔ وہ بشنو پور ضلع کے ننگتھوکھونگ کھا لیکائی وارڈ نمبر-6 کا رہائشی ہے۔ اسے امپھال ایسٹ ضلع کے پورومپٹ تھانہ علاقے میں واقع کونگبا لیشرام لیکائی علاقے سے پکڑا گیا۔
ایک اور مہم میں سیکورٹی فورسز نے سوریپا کے سرگرم رکن لوکراکپم ایبونگو میتی عرف جون (42) کو بھی گرفتار کیا۔ وہ امپھال ویسٹ ضلع کے ایروم میجراو ماننگ لیکائی کا رہائشی ہے۔ اسے امپھال ایسٹ ضلع کے پورومپٹ تھانہ علاقے کے کونگپال ایرانفام تھونگکھونگ علاقے سے گرفتار کیا گیا۔
سیکورٹی حکام کے مطابق، ریاست میں امن و امان برقرار رکھنے، غیر قانونی مسلح ڈھانچوں کو ہٹانے اور عسکریت پسندوں کی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لیے مہمات لگاتار جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن