
نئی دہلی، 17 جون (ہ س)۔ صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم کے مرکزی وزیر پرہلاد جوشی دہلی میں بھارت منڈپم کے لیڈرز لاونج میں جمعرات کو ایک پروگرام میں اناج ذخیرہ کرنے کے لیے اسمارٹ ویئرہاوسنگ سسٹم کا افتتاح کریں گے۔
صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت نے بدھ کو ایک بیان میں یہ اطلاع دی۔ بیان کے مطابق، صارفین کے امور، خوراک اور عوامی تقسیم کے وزیر مملکت نیموبین جینتی بھائی بمبھانیہ اور بی ایل ورما بھی اس پروگرام میں موجود رہیں گے۔ امور صارفین، خوراک اور عوامی تقسیم کی وزارت کے مطابق، اس موقع پر سنٹرل ویئر ہاوسنگ کارپوریشن اور فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ویئر ہاوس کو ڈپو درپن کے تحت اعزاز سے نوازا جائے گا۔
اسمارٹ ویئر ہاوسنگ سسٹم کو ویئر ہاوس کے انتظام کے طریقوں کو مضبوط بنانے اور اناج ذخیرہ کرنے کے کاموں میں کارکردگی بڑھانے کے لیے ایک مربوط ٹیکنالوجی پر مبنی حل کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ نظام جدید ٹیکنالوجیز کو شامل کرے گا، جن میں ویئرہاوس کے آپریشنز کو بہتر بنانے اور گورننس کو مضبوط بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت، انٹرنیٹ آف تھنگز، آٹومیشن، اور تجزیات شامل ہیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی